• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اکولہ میں بیل چوری کا شبہ ہونے پر تنازع، پتھرائو اور مارپیٹ، ۸؍ گرفتار

Updated: May 29, 2024, 7:38 AM IST | Ali Imran | Akola

۲؍افراد بیل لے کر جا رہے تھے کہ راستےمیں لوگوں نے پوچھا لیا’ کیا یہ بیل چوری کا ہے؟ ‘ اس پرتو تو میں ہوئی جو مارپیٹ میں تبدیل ہوگئی۔

Police conducted a flag march in the city. Photo: Agency
پولیس نے شہر میں فلیگ مارچ کیا۔ تصویر: ایجنسی

ضلع اکولہ کے  بورگاؤں منجو میں دو فرقوں میں معمولی بات پر تنازع ہوا اور دونوں جانب سے  پتھراؤ زنی شروع ہو گئی جس کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی۔ بورگاؤں منجو پولیس نے اس تصادم پر قابو پالیا ہے اور دونوں فرقوں کے کل۸؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ اس وقت گاؤں میں حالات قابو میں ہیں۔ اکولہ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بچن سنگھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
 اطلاع کے مطابق پیر کی رات ۸؍ بجے کے قریب بورگاؤں منجو کے دو افراد دھنگر پورہ بستی سے بیل لے کر جا رہے تھے کہ وہاں کھڑے مقامی لوگوں نے ان سے پوچھا کہ یہ بیل چوری کا ہے کیا؟ اس  پر ان کے درمیان تو تو میں میں شروع ہوگئی جس نے  لڑائی کی صورت اختیار کرلی۔ اس وقت دونوں فرقوں کے تقریباً ۳۵؍ تا ۴۰؍ افراد اکٹھے ہو گئے اور  ایک دوسرے کو لوہے کے پائپوں اور لکڑی کے ڈنڈوں سے مارنے پیٹنے لگے اور  پتھراؤ  کرنے لگے۔ اس تصادم میں دونوں فرقوں کے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی مغربی بنگا ل پہنچے، ممتا حکومت پرتنقید کے ساتھ ہی ہندو مسلم بھی کیا

اس معاملے میں دھنگر پورہ کے رہنے والے شری کانت عرف انیکیت راجندر گولی کی شکایت پر محمد احفاظ محمد افسر، شیخ زبیر   منشی، شیخ صدام غنی عرف سجو، شیخ عمران مصطفی قریشی اور ۱۰؍ یا ۱۲؍ دیگر افراد پر آئی پی سی کی دفعہ ۳۲۴؍، ۱۴۳؍ ۱۴۷؍،۱۴۸؍، ۱۴۹؍  اور مہاراشٹر پولیس کی دفعہ ۱۳۵؍ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شیخ زبیر شیخ منشی کی رپورٹ کی بنیاد پر ملزم انیکیت راجندر گولی، یوگیش بھاؤ راؤ مورے، کیشو صاحب راؤ مورے، صاحب راؤ نارائن مورے اور ۱۰؍ تا۱۲؍ لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس دستیاب پولیس عملے کے ساتھ موقع پر گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کیلئے اکولہ روانہ کردیا گیا ہے ۔ اس کشیدگی میں انکیت گولی، یوگیش مورے، کیشو مورے، صاحب راؤ مورے، محمد احفاظ، شیخ زبیر، شیخ صدام عرف سجو، شیخ عمران قریشی کو گرفتار کیا گیا ہے۔
  پولیس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ملوث دیگر ملزمین کو بھی شناخت کے بعد جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ بچن سنگھ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھے ڈونگرے، سب ڈیویژنل پولیس آفیسر مرتضیٰ پور منوہر دابھڑے نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ فی الحال بورگاؤں منجو میں صورتحال قابو میں ہے اور گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK