• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دبئی: معروف ہندوستانی تاجر ڈاکٹر رام بخشانی کا ۸۳؍ سال کی عمر میں انتقال

Updated: July 08, 2024, 6:53 PM IST | Dubai

ڈاکٹر رام بخشانی نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ ہندوستان میں بھی ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انتقال کے وقت وہ دبئی میں اپنے گھر پر تھے۔ اس موقع پر متعدد کاروباری شخصیات نے اظہار تعزیت کی۔ وہ ۱۹۵۹ء میں ۱۸؍ سال کی عمر میں سمندر کے راستے دبئی پہنچے تھے۔

Dr. Ram Buxani. Photo: X
ڈاکٹر رام بخشانی۔ تصویر: ایکس

دبئی میں مقیم ہندوستانی تاجر ڈاکٹر رام بخشانی آج دوپہر ایک بجے ۸۳؍ سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اس وقت وہ اپنے گھر پر تھے۔ معروف تاجر ۱۸؍ سال کی عمر میں نومبر ۱۹۵۹ء میں سمندر کے راستے دبئی پہنچے تھے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک معروف کاروباری شخصیت اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والے ڈاکٹر بخشانی آئی ٹی ایل کاسموس گروپ کے چیئرمین تھے۔ ان کے انتقال پر مملکت کی معروف شخصیت نے اظہار تعزیت کی۔ 
متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر سنجے سدھیر نے کہا کہ ’’وہ اُن ہندوستانیوں کیلئے ایک تحریک کے طور پر ہمیشہ زندہ رہیں گے، جو یو اے ای کو اپنا دوسرا گھر کہتے ہیں۔ وہ یو اے ای میں ممتاز ہندوستانیوں میں سے ایک تھے جن کی محنت، کاروباری جذبے اور کمیونٹی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘

اپنا کاروبار شروع کرنے سے قبل ڈاکٹر بخشانی یو اے ای میں مختلف کمپنیوں میں مختلف عہدوں پر فائز رہے تھے۔ روٹری کلب آف جمیرہ (دبئی) کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے علاوہ، وہ تعلیم کی بھرپور وکالت کرتے تھے۔ انہوں نے انڈین ہائی اسکول کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ڈاکٹر بخشانی اوورسیز انڈینز اکنامک فورم (یو اے ای) کے بانی اور چیئرمین تھے جو ۲۰۰۳ء میں انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل کونسل کے ساتھ انضمام تک خطے کی ایک اہم این آر آئی تنظیم تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: پُر وقار تقریب میں غلاف ِخانہ کعبہ تبدیل کردیا گیا

ان کے گروپ کاسموس کا پہلا شو روم ۱۹۶۹ء میں دیرا میں کھولا گیا تھا۔ بعد میں، ڈاکٹر بخشانی نے ہوسپٹالیٹی کے شعبے میں قدم رکھا اور ایمبیسیڈر ہوٹل، دیرا، اور آسٹوریا ہوٹل میں شرمایہ کاری کی۔ اس گروپ نے بعد میں کوالیٹی آئسکریم کا برانڈ شروع کیا۔
ڈاکٹر رام بخشانی کو یو اے ای میں متعدد اعزازات سے نوازا گیا تھا۔ فوربز مڈل ایسٹ نے انہیں متحدہ عرب امارات کے بااثر ترین ہندوستانیوں میں شامل کیا تھا نیز وہ امیر ترین ہندوستانیوں میں بھی شامل تھے۔ انہیں حکومت ہند نے بھی متعدد اعزازات سے نوازا تھا جن میں بھارت گورو قابل ذکر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK