• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’مہاراشٹر نے ملک کے نقشے پر اپنا نشان قائم کیا ہے ‘‘

Updated: August 16, 2024, 1:21 PM IST | Agency | Mumbai

یوم آزادی کے موقع پر خطاب کے دوران وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کے ہر باشندے کی ترقی کو اپنی ذمہ داری قرار دیا، مہاراشٹر کی نمایاں کامیابیوں کو گنوایا۔

Chief Minister Eknath Shinde conducted a ceremonial flag hoisting at Mantralaya. Photo: PTI
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں منترالیہ میں رسم پرچم کشائی ادا کی گئی۔ تصویر : پی ٹی آئی

جمعرات کو یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منترالیہ کے احاطے میں پرچم کشائی کی رسم ادا کرنے کے بعد خطاب کیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں گزشتہ ۲؍ سال کے دوران مہاراشٹر نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے اور ملک کے نقشے پر اپنے گہرے نشانات قائم کئے ہیں۔ حالانکہ اس موقع پر انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید ضرور کی لیکن اسے طول نہیں دیا۔ 
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’’حب الوطنی کی شمع ہر کسی کو اپنے دل میں جلائے رکھنی چاہئے۔ ملک کے ہر ایک شخص کی ترقی ہو یہی ہماری واحد ذمہ داری ہے۔ یوم آزادی ہمیں اس ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہو کہا ’’گزشتہ ۲؍ سال کے دوران غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے مہاراشٹر نے ملک کے نقشے پر اپنے گہرے نشانات قائم کئے ہیں۔ ریاست کی ترقی کی یہی رفتار ہمیں مستقبل میں بھی قائم رکھنی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: آخر آپ کو اردوسے دقت کیا ہے؟: ’پاتور میونسپل کونسل سائن بورڈ‘ معاملہ

ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیا کہ’’ ریاست کی ترقی اور عام آدمی کی فلاح دونوں ہی محاذ پر ہم نے غیر معمولی کام کئے ہیں۔ غریب، کسان، خواتین، نوجوان، اور کمزور طبقات کیلئےریاست میں ہم نے مختلف طرز کی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہماری حکومت سماج کے ہر طبقے کی ترقی کے تعلق سے کاربند ہے۔ ‘‘ 
 وزیر اعظم مودی کی تعریف 
  وزیراعلیٰ اپنی تقریر میں وزیراعظم مودی کی تعریف کرنا نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں وزیر اعظم کا ساتھ ملا اس لئے ہمارے گروتھ انجن کی رفتار اور تیز ہو گئی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ ہمارا سفر صد سالہ جشن کی جانب جاری ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا منصوبہ تیار کر لیا ہے کہ ۲۰۴۷ء میں ملک کی صورتحال کیا ہوگی۔ ‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا ’’ ہم جس ترقی یافتہ ہندوستان کی بات کرتے ہیں اس میں مہاراشٹر کا سب سے اہم تعاون ہوگا۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ جب ۲؍ سال قبل ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمارے سامنے کئی چیلنج کھڑے تھے۔ سابقہ حکومت کے دور میں مہاراشٹر تنزل کا شکار تھا۔ لیکن میں اس وقت اس کی تفصیل نہیں بیان کروں گا۔ انہوں نے کہا ’’مہاراشٹر کی معیشت کو پٹری پر لانا ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ہم نے بخوبی اس چیلنج کا سامنا کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ ‘‘ 
  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ ہنر مندوں اور عام لوگوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کا ہدف ہم نے حاصل کرکے دکھایا۔ ریاست میں ڈیڑھ کروڑ روزگار پیدا کرنے کا عزم ہم نے کررکھا ہے۔ حال ہی میں ہم نے لاجسٹک پالیسی تیار کی ہے اس کے ذریعے ریاست کو ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کا محصول ملے گا۔ ‘‘ 
 مہاراشٹرکئی معاملات میں اول 
  مہاراشٹر کی کامیابیوں کو شمار کرواتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ ملک کی معیشت میں اکیلے مہاراشٹر کا ۱۴؍ فیصد حصہ ہے۔ صنعت اور سروس کے شعبے میں مہاراشٹر پہلے نمبر پر ہے۔ صفائی کے معاملے میں ریاست کا پہلا نمبر ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۲؍ سال میں ریاست میں کئی ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔ ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے کے فلاحی کام رات دن جاری ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK