• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بہار میں تمام پارٹیوں کی انتخابی مہم عروج پر

Updated: May 27, 2024, 11:23 PM IST | Inquilab News Network | Patna

امیت شاہ کے بعد راہل پٹنہ پہنچے، نتیش اور تیجسوی بھی سرگرم، باقیماندہ ۸؍ سیٹوں کیلئے رسہ کشی تیز، میسا بھارتی، رَوی شنکر پرساد اور دیگرکا وقار داؤ پر۔

Rahul Gandhi at the election rally of Misa Bharti, candidate of `India` alliance from Pataliputra Lok Sabha constituency. Photo: PTI
پاٹلی پتر لوک سبھا حلقے سے’ انڈیا‘ اتحاد کی امیدوار میسا بھارتی کی انتخابی ریلی میں راہل گاندھی۔ تصویر: پی ٹی آئی

لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں یکم جون کو ۵۷؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان میں سے ۸؍سیٹیں بہار کی ہیں، جہاں کئی اہم لیڈروں کا وقار داؤ پر لگا ہوا ہے۔ ان میں لالو پرساد یادو کی بیٹی اور راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی، سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، راشٹریہ لوک مورچہ کے سربراہ اوپیندر کشواہا اور بھوجپوری فلموں کے اداکار پون سنگھ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان لیڈروں کی کامیابی اور بہار میں اپنی اپنی پارٹیوں کی پوزیشن بہتر بنانے کیلئے تمام پارٹیوں نے زور آزمائش شروع کردی ہے۔ منگل کو جہاں نتیش کمار اور تیجسوی یادو کے ساتھ راہل گاندھی نے بھی انتخابی مہم چلائی وہیں ایک دن قبل مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ بھی بہار پہنچے تھے۔ اس سے قبل وزیراعظم مودی نے بھی سنیچر کو ایک ریلی کی تھی۔ آخری مرحلے میں بہار کی پاٹلی پتر ، پٹنہ صاحب، نالندہ، آرہ، بکسر، سہسرام، کاراکاٹ اور جہان آباد کی لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں  گے۔ 
 پٹنہ ضلع کی پاٹلی پتر لوک سبھا سیٹ کی انتخابی ریلی میں، جہاں سے ’انڈیا‘ اتحاد کی طرف سے میسا بھارتی امیدوار ہیں، راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا۔  انہوں نے کہا کہ۴؍ جون کو انتخابی نتائج آنے کے بعد اڈانی سے متعلق ای ڈی کے سوالات سے بچنے کیلئے مودی نے ’پرماتما‘ والی کہانی گڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم نہیں بن سکیں گے کیونکہ بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) لوک سبھا الیکشن ہارنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی سے اڈانی کے ساتھ ان کے معاملات کے بارے میں ای ڈی کی جانب سے  پوچھ تاچھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مودی ان دنوں جس طرح کی بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں،یہ سب اُسی کا خوف ہے۔
 کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’حالیہ دنوں  انٹرویوز کی ایک سیریز میں مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کوئی حیاتیاتی انسان نہیں ہیں بلکہ بھگوان کے دوت ہیں اور تمام فیصلے وہ بھگوان کی مرضی کے مطابق کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اڈانی کے ساتھ ان کے معاملات کے بارے میں ای ڈی کی پوچھ تاچھ سے بچنے کیلئے نریندر مودی ایسا کہہ رہے ہیں۔ تفتیشی ایجنسیاں جب ان سے سوال کریں گی تو اس کے جواب میں وہ کہیں گے کہ’’مجھے نہیں پتہ کیونکہ فیصلہ بھگوان کی مرضی کے مطابق کیا گیا تھا،اس میں میری خواہش کا کوئی دخل نہیں تھا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’۴؍جون کو متر منڈل، منتری منڈل اور میڈیا منڈل سب بدل جائیں گے‘‘

اس موقع پر راہل گاندھی نے انتخابی نتائج ظاہر ہونے کے بعد انڈیا اتحاد کی حکومت تشکیل پانے پر کئے جانے والے کاموں کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں۳۰؍ لاکھ سے زائد آسامیاں خالی ہیں، جنہیں ترجیحی بنیاد پر پُر کیا جائے گا۔ اسی طرح ایک سال میں ہر غریب خاندان کی ایک خاتون رکن کے بینک اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے جمع کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گریجویٹ نوجوانوں اور تکنیکی تعلیم مکمل کرنے والوں کو ایک سال کیلئے ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ نوجوانوں کیلئے یہ اسکیم ’پہلی نوکری پکی‘ کے نام سے جانی جائے گی۔
   راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کی تمام پالیسیاں اڈانی جیسے۲۲؍ امیر لوگوں کیلئے ہیں، جن کے۱۶؍ لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیئے گئے۔مودی حکومت پر آئین کو تبدیل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد یہاں کے غریب، کسان، مزدور اور مظلوم طبقہ آئین کے پیچھے مضبوطی سے کھڑا ہے۔کانگریس لیڈر نے اگنی ویر اسکیم کے حوالے سے بھی مودی حکومت پر تنقید کی اور اسے تبدل کرنے کا وعدہ کیا۔
 اسی طرح منگل کو نتیش کمار نے نالندہ میں این ڈی اے امیدوار کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اُن کے ساتھ ان کی پارٹی کے سابق سربراہ للن سنگھ بھی موجود تھے۔ ایک دن قبل نتیش کمار نے بی جےپی امیدوار روی شنکر پرساد کیلئے انتخابی مہم چلائی تھی۔  اس موقع پر امیت شاہ نے کاراکاٹ لوک سبھا کے امیدوار اوپیندر کشواہا کی حمایت میں ایک ریلی کی تھی جبکہ ایک دن قبل وزیراعظم نریندر مودی نے کشواہا کیلئے کاراکاٹ کا دورہ کیا تھا۔ یہاں پر بھوجپوری اداکار پون سنگھ آزاد امیدوار ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK