• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’۴؍جون کو متر منڈل، منتری منڈل اور میڈیا منڈل سب بدل جائیں گے‘‘

Updated: May 27, 2024, 11:22 PM IST | Agency | New Delhi

سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا بی جے پی پر طنز، کہا: جو لوگ آئین تبدیل کرنے نکلے ہیں، ان کو عوام تبدیل کر دیں گے۔

Akhilesh Yadav. Photo: INN
اکھلیش یادو ۔ تصویر : آئی این این

ان دنوں اترپردیش میں اکھلیش یادو اور بہار میں تیجسوی کا جلوہ ہے۔ بی جےپی اور وزیراعظم مودی پر یہ دونوں زبردست طریقے سے حملہ کرتے ہیں۔ اس کیلئے یہ الفاظ بھی چن چن کر استعمال کرتے ہیں۔ کچھ اسی طرح  اکھلیشیادو نے بلیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم مودی  کے ساتھ ہی اڈانی اور گودی میڈیا کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ۴؍ جون کو انتخابی نتائج ظاہر ہوتے ہی مودی کے  مترمنڈل، منتری منڈل اور میڈیا منڈل سب  بدل جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم دن رہ گئے ہیں۔ ۳۰؍ تاریخ کو انتخابی مہم ختم ہو جائے گی، یکم جون کو ووٹنگ ہوگی اور۴؍ جون کو ’متر منڈل‘ (دوستوں کا حلقہ یعنی اڈانی اور امبانی)، منتری منڈل (وزارتی کونسل) اور میڈیا منڈل (میڈیا والوں کا حلقہ یعنی گودی میڈیا) سب بدل جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: بہار میں تمام پارٹیو ں کی انتخابی مہم عروج پر

اکھلیش یادو نے کہا کہ  بی جے پی کے لیڈروں کی زبان میں تبدیلی ان کے رویے کو ظاہر کر رہی ہے۔ ان کی زبان سے پتہ چل رہا ہے کہ اس بار وہ اُتر پردیش میں منھ کے بل گرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ۱۰؍ سال سے بی جے پی کی حکومت نے ہمیں، آپ کو اور سب کو دھوکہ دیا ہے۔۱۰؍ سال پیچھے جا کر دیکھیں تو ان بی جے پی والوں کی ہر بات جھوٹی نکلی اور ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکز میں خالی پڑی تیس لاکھ نوکریوں کو نہ صرف پُر کریں گے بلکہ اگنی ویر اسکیم کو بھی ختم کریں گے۔ اگنی ویر اسکیم ختم ہو جائے گی اور اگر عمر میں چھوٹ دینی ہوگی تو فوج کی بھرتی میں اس کا انتظام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب جہاں ہمارے اور آپ کے مستقبل کا انتخاب ہے تو وہیں یہ آئین و جمہوریت کے تحفظ کا بھی انتخاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کا جو تعاون ملا ہے وہ بھروسہ دلاتا ہے کہ جو لوگ آئین تبدیل کرنے نکلے ہیں، ان کو عوام تبدیل کر دیں گے۔ 
 اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی تو ہم آپ کی پرانی پنشن بحال کریں گے، ہم کسانوں کا قرض معاف کریں گے۔ ہم غریبوں کے  مفاد میں فیصلے کریں گے تاکہ انہیں سستے داموں قرض مل سکے۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ اس بار اتنی گنتی بڑھنے جا رہی ہے کہ ابھی تک کا سماجوادیوں کا ریکارڈ ٹوٹنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہوجن سماج کے ساتھیوں سے کہوں گا کہ یہ لڑائی بہت بڑی ہے، آپ لوگ انڈیا اتحاد کی مدد کیلئے آگے آئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK