تیز بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گرگئے، اینٹوں کی بھٹیوں کو کافی نقصان پہنچا، ٹورنٹ کمپنی بجلی سپلائی بحال کرنے میں مصروف۔
EPAPER
Updated: May 14, 2024, 6:45 AM IST | Ejaz Abdul Gani / Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
تیز بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گرگئے، اینٹوں کی بھٹیوں کو کافی نقصان پہنچا، ٹورنٹ کمپنی بجلی سپلائی بحال کرنے میں مصروف۔
پیر کی سہ پہر بھیونڈی، کلیان، ڈومبیولی سمیت اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ شہر اورآس پاس کے دیہی علاقوں میں اچانک ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیااور گرمی سے بے حال شہریوں نے راحت کی سانس لی۔ حاانکہ تیز آندھی کے سبب کئی مقامات پر درخت گرنے اور بجلی فراہمی منقطع ہونے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔
صنعتی شہر بھیونڈی میں صبح سے ہی آسمان پر بادل منڈلا رہے تھے۔شام ہوتے ہوتے تقریباً ساڑھے ۳؍بجے اچانک تیز ہوا آندھی میں تبدیل ہوگئی اوربارش شروع ہوگئی۔بے موسم بارش نے ماحول کو خوشگوارکردیا۔تاہم اس اچانک بے موسم بارش سے دیہی علاقوں میں اینٹوں کی بھٹیوں کو کافی نقصان پہنچا ۔ اس کے ساتھ ہی گھروں کی چھتوں کے پترے بھی اڑ گئے ۔تیز طوفان کے باعث شہر میں ۳؍سے۴؍ مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیںلیکن اس میں کسی طرح سے کوئی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ریلوے کے ذریعہ سامان کی نامناسب جانچ سے جی آر پی ناراض
بجلی کے تاروں پر درخت گرنے سے ۲؍ مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔ٹورینٹ پاور کمپنی کے عوامی رابطہ افسرچیتن بادیانی نے بتایا کہ تیز طوفان کے باعث شہر اور دیہی علاقوں کے ۴۵؍ سے زائد فیڈرز پر بجلی ٹرپ ہوگئی جس کی وجہ سے احتیاطی طور پر بجلی کی سپلائی منقطع کردی گئی ۔ بجلی کے تاروں پرجہاں درخت گرے تھے انہیں ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا جس کے بعد ٹورینٹ پاور کمپنی کے ملازمین کی جانب سے خرابی کا پتہ لگاکر پورے شہر میں بتدریج بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی۔شہر میں تیز ہواؤں کے سبب کومبڑ پاڑا کے کولیکر چوک میں جامن کا ایک درخت، نارپولی دیوجی نگر روڈ پر ایک درخت، ورال دیوی مندر کے قریب ایک پیپل کا درخت اور اشوک نگر میں جین مندر کے قریب ایک درخت سمیت بھیونڈی میں کُل ۴؍ درخت گرے ہیں۔انہیں ہٹانے کا کام میونسپل کارپوریشن کے محکمہ باغبانی نے شروع کر دیا ہے۔
کلیان میں بھی بارش
پیر کی دوپہر تقریباً ۳ بجے اچانک موسم کا مزاج بدل گیا اور تیز ہوائیں چلنے لگی تھیں دوپہر سے ہی آسمان پر کالے کالے بادل چھا گئے تھے اور پھر تقریباً پون گھنٹے تک رم جھم بارش ہوئی۔امبرناتھ، بدلا پور اور الہاس میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ تیز ہوائیں چلنے سے محکمہ بجلی نے متعدد مقامات پر بجلی سپلائی کو منقطع کردیا تھا۔عیاں رہے کہ محکمہ موسمیات نے ۱۳؍ سے ۱۵؍ مئی کے درمیان طوفانی ہواؤں کےساتھ بے موسم بارش کی پیشین گوئی کی تھی۔ دریں اثنا بے موسم بارش کی وجہ سے ڈومبیولی میں ہونے والے ادھو ٹھاکرے کے انتخابی جلسہ کو رد کردیا گیا۔