اسلام جمخانہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ۵۶؍طلبہ کوسند اور ٹرافی دی گئی، شہر کی چند اہم شخصیات نے شرکت کی، مقررین نےکہا: دینی اداروں کے ذمہ داران کا طلبہ کو عصری علوم سے بھی آراستہ کرنا خوش آئند ہے۔
EPAPER
Updated: August 31, 2024, 1:48 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Marine Line
اسلام جمخانہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ۵۶؍طلبہ کوسند اور ٹرافی دی گئی، شہر کی چند اہم شخصیات نے شرکت کی، مقررین نےکہا: دینی اداروں کے ذمہ داران کا طلبہ کو عصری علوم سے بھی آراستہ کرنا خوش آئند ہے۔
دینی علوم حاصل کرنے کےساتھ ایس ایس سی پاس کرنےوالے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ علماء بورڈکی جانب سے اسلام جمخانہ میں جمعرات کی شب ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا تھاجس میں ایسے ۵۶؍ طلبہ کو سنداور ٹرافی دی گئی۔ اس میں کچھ ایسے بھی شرکاء تھے جو عالم ہیں اور انہوں نے فراغت حاصل کرنے کے بعد ایس ایس سی کا امتحان دیا۔
جن اداروں سےوابستہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اس میں دارالعلوم امدادیہ چونا بھٹی، معراج العلوم چیتا کیمپ، انجمن خیر الاسلام، مدرسہ تعلیم القرآن مدن پورہ، نورالعلوم پٹھان واڑی، لٹل فلاور انگلش اسکول، مدرسہ رشیدیہ مومن نگر، دینیات (مدن پورہ)، فائن ٹچ(ممبئی سینٹرل)، جامعۃ الابرارنالا سوپارہ، دینیات گھاٹکوپر، مدرسہ تجویدالقرآن مالونی اور ندائے اسلام مالونی وغیرہ کے طلبہ شامل ہیں۔
واضح ہوکہ حفظ ا ورعالمیت یا فن ِقرأت سے وابستہ طلبہ کی تعداد اس سے کہیں زائد ہے۔ بیشتر مدارس کے ذمہ داران طلبہ کوایس ایس سی امتحان کی تیاری کرانے کے ساتھ ان کوکمپیوٹر وغیرہ کی معلومات فراہم کرانے کا بھی نظم کئے ہوئے ہیں، اس سے طلبہ استفادہ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نندوربار: آنگن واڑی خادمہ نے فرض نبھانے کیلئے پرخطر ندی کی پروا نہیں کی
اس موقع پررکن اسمبلی امین پٹیل، یوسف ابراہانی، نظام الدین راعین، پرنسپل طاہرشاہ، مفتی سفیان نیاز احمدونو، مولانا محمدزاہدقاسمی، مولانا محمدیٰسین پالن پوری اورسلیم الوارے نے اظہار خیال کیا۔ مولانا نوشاد احمد صدیقی نے صدارت کی جبکہ نظامت مولانابنی نعیم حسنی نے کی۔ تمام مقررین نے طلبہ اورذمہ داران ِمدارس کی ستائش کی کہ ان کی توجہ اور محنت کے سبب یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
دینی اداروں کے ذمہ داران کا طلبہ کو عصری علوم سے بھی آراستہ کرنا خوش آئند ہے، اس سے ان کی صلاحیتوں کو مزید جلا ملے گی۔ دینی اداروں کے ذمہ داران اپنے محدود وسائل کے باوجود ہمہ وقت اس بات کے لئے کوشاں رہتے ہیں کہ دینی اداروں میں پڑھنے والےطلبہ نمایاں صلاحیت کے حامل ہوں۔ اتنی بڑی تعداد میں ایس ایس سی میں کامیابی کرنے والے طلبہ کی موجودگی اسی کوشش کی ایک جھلک ہے۔