• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شدید گرمی، دہلی این سی آر میں ریڈ الرٹ

Updated: May 29, 2024, 10:06 AM IST | Agency | New Delhi / Srinagar

درجہ حرارت ۴۵؍ سے ۴۷؍ ڈ گری کے آس پاس ، جھانسی میں۴۸؍ تک پہنچ گیا، جموں کشمیر میں بھی نئی گرم لہر کی پیشگوئی۔

Tourists who came to see the Taj Mahal are taking pictures with umbrellas to avoid the intense sun. Photo: PTI
تاج محل دیکھنے آئے سیاح شدید دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری لئے تصویر کھینچوا رہے ہیں۔ تصویر :پی ٹی آئی

محکمۂ موسمیات نے قومی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے علاقوں ( دہلی این سی آر) میں اگلے چار دنوں تک شدید گرمی کے سلسلے میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے تیز، گرد آلود ہوائیں چلنے، گرم اور خشک ہواؤں کی آمد سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے سے قومی راجدھانی کے کچھ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۵ء سے۴۷؍ڈگری سلسیس اور اس سے اوپر ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ 
 دہلی میں منگل کو کم سے کم درجہ حرارت۳۶ء۴؍ ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی میں اگلے ۴؍ دنوں میں شدید گرمی رہے گی۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت ۳۹ء۲؍ ڈگری سلسیس سے ۴۶؍ ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا۔ مغرب- شمال مغرب سے چلنے والی ہوا۵ء۶؍​​کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔ دن کے وقت انتہائی گرم موسم ہوگا اور شدید گرم لہر رہےگی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ۶؍ ریاستوں ہریانہ، دہلی، راجستھان، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں بھی۲۹؍مئی کو شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اروند کیجریوال کا دوبارہ جیل جانا تقریباً طے

ئی کا مہینہ ختم ہونے کو ہے لیکن ملک میں شدید گرمی جاری ہے۔ ملک بھر میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دہلی این سی آر کے علاوہ پیر کو آگرہ، اجمیر، باڑمیر اور الور سمیت کئی مقامات پر پارہ۴۵؍ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو پھلودی میں درجہ حرارت ۴۹ء۴؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ باڑمیر میں ۴۹ء۳؍ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جو اب تک کا دوسرا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔ 
کہیں ۴۷؍کہیں ۴۸؍ تو کہیں ۴۹؍ ڈگری سلسیس
 محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان، یوپی اور مدھیہ پردیش کے کئی شہروں میں آگ برس رہی ہے جس کی وجہ سے باڑمیر کے پھلودی میں پارہ۴۹؍ ڈگری کو پار کر گیا۔ اس کے ساتھ ہی جیسلمیر، بیکانیر، جھانسی، کوٹا، پیلانی میں بھی۴۸؍ ڈگری کے قریب درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آگرہ، بھیلواڑہ، دتیا اور گنا میں پارہ ۴۷؍ کے قریب ہے۔ واضح رہےکہ محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی) نے ملک میں چلچلاتی گرمی کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ملک کی کئی ریاستوں کو۲۸؍ سے۳۱؍مئی تک ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، مغربی اتر پردیش اور مغربی راجستھان میں ۳۱؍ مئی تک مختلف مقامات پر ہیٹ ویو کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ مانسون اگلے پانچ دنوں کے دوران کیرالہ سے ٹکرانے والا ہے۔ جس کے بعد گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔ 
جموں وکشمیر میں بھی ریکارڈ توڑ گرمی، ۳؍ جون سے ایک اور لہر متوقع
  جموں کشمیر میں ریکارڈ توڑ گرمی کا زور جاری رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے۳؍ جون سے ہیٹ ویو کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے مطابق جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے۷؍ دنوں کے دوران گرم لہر یا گرم اور خشک موسم میں کوئی راحت متوقع نہیں ہے۔ وادی میں ۲۹؍ مئی کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔ 
 محکمہ کے مطابق بعد میں ۳۰؍ اور۳۱؍ مئی کو بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی میں یکم اور۲؍ جون کو بھی موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس درمیان کہیں کہیں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ۳؍ سے۵؍ جون تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ 
 جموں کشمیر کے محکمہ موسمیات کے مطابق ۳۰؍ مئی سے۲؍ جون تک وادی کشمیر اور جموں صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرمی کی شدت سے کسی حد تک راحت متوقع ہے۔ محکمے کے مطابق۳؍ جون سے ہیٹ ویو کا ایک اور مرحلہ شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے گرمی سے بچنے اور زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پینے کی تاکید کی ہے۔ دریں اثنا وادی میں جہاں دن کے دوران ریکارد توڑ گرمی ریکارڈ ہوئی رہی ہے وہیں رات کا درجہ حرارت بھی لگاتار معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت ۱۵ء۴؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۳ء۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ 
 مانسون کے آئندہ۴؍ دنوں میں کیرالا سے ٹکرانے کا امکان 
  جنوب مغربی مانسون آئندہ تین چار دنوں میں کیرالہ اور شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ حصوں میں پہنچنے والا ہے جس سے ملک بھر میں شدید گرمی اور لو سے پریشان لوگوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو کہا کہ سمندری طوفان’ ریمال‘ اب مشرقی بنگلہ دیش سے شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا ہے۔ طاقتور طوفان منگل کی شام تک مشرقی آسام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ والے علاقے میں کمزور ہو جائے گا۔ 
جنوب مغربی مانسون کے بنگال اور بنگلہ دیش سے گزرنے کے بعد، اگلے ۷؍ دنوں تک شمال مشرقی ریاستوں میں ۳۰-۴۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی آسام، میگھالیہ، میزورم، تریپورہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ اور منی پور میں منگل کو زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کے ساتھ چند مقامات پر بھاری بارش کی توقع ہے۔ شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں شدید گرمی کی لہر۳۰؍ مئی سے کم ہونے کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK