ریاستی وزیر اور کلکتہ کے میئر فرہاد حکیم نےایک پروگرام میں اقلیتوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق متنازع اور غیر حقیقی تبصرے کئے تھے۔
EPAPER
Updated: December 17, 2024, 5:04 PM IST | Agency | Kolkata
ریاستی وزیر اور کلکتہ کے میئر فرہاد حکیم نےایک پروگرام میں اقلیتوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق متنازع اور غیر حقیقی تبصرے کئے تھے۔
ترنمول کانگریس نے اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈر ریاستی وزیر فرہاد حکیم کے اقلیتوں کی آبادی میں اضافے سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات کی حمایت نہیں کی جاسکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر پارٹی کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے ترنمول کانگریس نے اپنی پوسٹ میں کہاکہ فرہاد حکیم کے تبصرے پارٹی کے موقف یا نظریات کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔ پوسٹ کے آغاز میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ پارٹی فرہاد کے تبصروں کی ذمہ داری قبول نہیں کرتی اور ان تبصروں کی شدید مذمت کرتی ہے۔پارٹی کے نظریے کی وضاحت کرتے ہوئےریاست کی حکمران جماعت نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ہم ہمیشہ کی طرح امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے پرعزم ہیں۔ اس کے مطابق مغربی بنگال کے سماجی تانے بانے کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی تبصرے کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ریاستی وزیر اور کلکتہ کے میئر فرہاد حکیم نےگزشتہ دنوں ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اقلیتوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق متنازع اور غیر حقیقی تبصرے کئے تھے۔ان کا تبصرہ سامنے آتے ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ بی جے پی، بایاں محاذ اور کانگریس نے فرہاد حکیم کے بیان کی سخت مذمت کی ۔بایاں محاذ اور کانگریس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فرہاد حکیم نے تقسیم کو ہوا دی ہے اور بی جے پی کو پولرائزنگ سیاست کرنے کیلئے اجزاء فراہم کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:دہلی: آلودگی کوقابو کرنے کیلئے این سی آر میں گریپ ۴؍ کی پابندیاں عائد کی گئیں
فرہاد حکیم نےاتوار کو اس پر صفائی دیتے ہوئے کہا تھا،’’ میں ایک ہندوستانی اور ایک سیکولر شخص ہوں۔ میں مرتے دم تک سیکولر رہوں گا۔‘‘
ترنمول ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی فرہاد کے تبصرے سے ناراض ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ترنمول لیڈر ممتا نے فرہاد کو اپنے عدم اطمینان کے بارے میں بتایا تھا۔ ترنمول کانگریس کے ڈسپلنری کمیٹی کے رکن فرہاد کو بھی ان کے ناپسندیدہ تبصروں کیلئے خبردار کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ ترنمول کانگریس نے ایک بیان جاری کرکے کلکتہ کے میئر کے متنازع تبصروں پر سخت تنقید کی اور اس سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔