Updated: February 15, 2024, 3:04 PM IST
| New Delhi
آج کسان چلو آندولن اپنے تیسرے دن میں داخل ہو گیا ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے دہلی اور ہریانہ کے درمیان ۲؍ اہم سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ کسانوں نے پنجاب کے پٹیالہ میں ریلوے ٹریک بلاک کر دیئے ہیں جبکہ کسانوں کی حمایت میں ریل روکو کے نعرے لگائے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ ۳؍ وزراء کے ساتھ میٹنگ کے بعد آگے کالاحۂ عمل تیار کریں گے۔ راجدھانی کے حساس علاقوں میں سیکوریٹی افسران تعینات ہیں۔ سی بی ایس سی بورڈ نے طلبہ کے بورڈ امتحانات کیلئے انہیں وقت سے پہلے سینٹر پہنچنے کی ہدایت دی تھی۔
کسانوں نے اس طرح ریلوے ٹریک بلاک کیا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
کسان چلو آندولن آج تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے جسےمد نظر رکھتے ہوئے دہلی اور ہریانہ کے درمیان ۲؍ اہم سرحدیں بند رکھی گئی ہیں جبکہ راجدھانی میں سیکوریٹی افسران انسداد تشدد کے لوازمات کے ساتھ تعینات کئے گئے ہیں۔کسانوں نے حکومت پر اپنی مانگ کوپورا کرنے کا دباؤ ڈالنے کیلئے ریلوے ٹریک بلاک کر دیئے ہیں۔
ہریانہ سے لگ کر ۲؍ سرحدیں تکری اور سنگھو بند کر دی گئی ہیں جبکہ سیکوریٹی افسران کی نمائندگی میں غازی پور سرحد کے ذریعے نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے۔
ایک سینئر پولیس آفیسر کے مطابق دہلی پولیس سخت نگرانی کر رہی ہے جبکہ ہریانہ پولیس نے کسانوں کو ہریانہ اور پنجاب کے درمیان شمبھو سرحد پر روک رکھا ہے۔دہلی کے مرکزی حصے میں بھی پولیس نے پارلیمنٹ اور دیگر حساس علاقوں میں جانے والی سڑکوں پر کسانوں کے احتجاج کو مدنظررکھتے ہوئے بیریکیڈس لگائے ہوئے ہیں۔ کسان لیڈران کا کہنا ہے کہ آج تین مرکزی وزراء کے ساتھ ان کی میٹنگ ہو گی جس کے بعد مظاہرین طے کریں گے کہ کیا آگے کا مرحلہ کیا ہوگا۔
کسانوں کو ریلوے ٹریک پر دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
تکری اور سنگھو سرحد پر بھی پولیس نے کسانوں کو دہلی میں داخل ہونےسے روکنے کیلئے بیریکیڈس اور کانکریٹ کے بلاکس لگائے ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ یہ کسانوں کی جانب سے دہلی چلو آندولن کا تیسرا دن ہے۔۲۵۰؍ سےزائد کسان تنظیمیں اس احتجاج میں شامل ہیں جبکہ احتجاج کی قیادت سمیوکت کسان مورچا اور کسان مزدور مورچا کر رہے ہیں۔ کسان یہ احتجاج اس لئے کر رہے ہیں تا کہ مرکز پر اپنے مطالبات منوانے کا دباؤ ڈال سکیں۔
یہ بھی پڑھئے: شمبھوبارڈر پر کسان حکومت کے ہر حربے کو ناکام بنانے میں مصروف
سی بی ایس سی بورڈ کی طلبہ کو وقت سے پہلے سینٹر پہنچ جانے کی ہدایت
اس دوران دہلی میں بورڈ کے امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے جس کے سبب انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے اپنے سینٹر کیلئے وقت سے پہلے نکل جائیں کیونکہ کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے متعدد علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حمل کے متاثر ہونے کے خدشات تھے۔
سی بی ایس سی بورڈ نے طلبہ کو جاری کئے جانے والے اپنے ایڈوائزری میں کہا تھا کہ جیسا کہ طلبہ کے امتحانات ۱۰؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر شروع ہوں گے، تمام طلبہ کو ۱۰؍ بجے سے پہلے اپنے اپنے سینٹر پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔غازی پور سرحد پر بھی ہائی وے بیریکیڈس لگائے گئے ہیں جس کے سبب ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔