• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہولی کے موقع پر گروگرام کے دیوی لال نگر میں مسجد کے باہر فائرنگ

Updated: March 26, 2024, 9:58 PM IST | New Delhi

گروگرام کے دیوی لال نگر میں ہولی کے دن مسجد کے باہر اسکارپیو سوار دو لوگوں نے فائرنگ کی۔ حملہ آور مسجد کا دروازہ کھولنا چاہتے تھے، ناکامی کی صورت میں مغلظات بکے اور فائرنگ کردی۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے فرار ہونے میں کامیاب۔ ساری واردات مسجد کے کیمرے میں قید۔ جلد گرفتاری متوقع۔

symbolic image. istock
علامتی تصویر۔ آئی اسٹاک

گروگرام کے دیوی لال نگر میں اسکارپیو پر سوار شرپسندوں نے ہولی کے موقع پر ایک مسجد کے باہر کھلے عام گولیاں چلائیں۔ ایک عینی شاہد عبدالحسیب کے مطابق جو جائے وقوعہ پر موجود تھا، پیر کو تقریباً ۱۱؍بجے، ایک اسکارپیو دیوی لال نگر کی گلی نمبر۹؍میں پہنچی۔ حسیب نے دی آبزرور پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اسکارپیو سوار نے ابتدا میں اس سے ایک پتھر ہٹانے کو کہا اور کہا کہ یہ راستے میں رکاوٹ ہے۔ جب حسیب نے واضح کیا کہ وہاں کوئی پتھر نہیں ہے تو سوار نے گاڑی کو موڑ کر ایک عارضی پلیٹ فارم پر کھڑا کر دیا جو ایک گھر کے باہر بنا ہوا تھا۔ گھر کا مالک اسی وقت نیچے آگیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر: بیڑ کی ایک مسجد کی دیوار پر ’’شری رام‘‘ لکھا گیا، ایف آئی آر درج

اسکارپیو سوار نے مبینہ طور پر اپنی کار کو روکا اور اس میں سے دو نوجوان باہر نکلے اور قریبی مسجد کا گیٹ کھولنے کی کوشش کرنے لگے۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب انہوں نے جبراًمسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی اور یہ بتانے پر کہ دروازہ صبح ہی کھلے گا، وہ مشتعل ہو گئے اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی۔ حسیب کے مطابق نوجوانوں میں سے ایک نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور اسے گولی مارنے کی دھمکی دی۔ حسیب نے مزید کہا کہ شرپسندوں نے نمازِ تراویح کے بعد مسجد کے امام سے دعائیں مانگنے کا بہانہ کرکے گیٹ کھولنے کی کوشش کی۔ 

اس مسجد کا اندرونی حصہ جس میں شرپسندوں نے داخل ہونے کی کوشش کی۔ 

اس دوران اچانک گولی چل گئی جس کے بعد لوگ گھروں سے نکل آئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ حسیب نے آبزرور پوسٹ کو بتایا کہ ’’اگر گیٹ کھل جاتا تو وہ مبینہ طور پر مسجد کے امام کے ساتھ کچھ نازیبا حرکت کرتے۔ ‘‘ پولیس کے جائے وقوع پر پہنچنے پر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم، پولیس مسجد سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ 
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے میں اسکارپیو کار آتی دکھائی دے رہی ہے جو کچھ دیر دروازے کے قریب رکی تھی۔ اس میں سے دو نوجوان نکلے، جو فوٹیج میں نظر آرہے ہیں۔ جائے وقوع سے گولی کا خول بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ وہ ان کی گاڑی کے نمبر سے ملزمان کی شناخت کر رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK