۵؍ مئی کو ہونے والے امتحان کیلئے ۲۰۷۰؍امیدواروں نے سینٹر کے طور پر مالیگائوں کا انتخاب کیاہے، مجموعی طور پر۱۴؍ لاکھ سے زائد امیدواروں کی امتحان میں شرکت۔
EPAPER
Updated: May 03, 2024, 8:17 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
۵؍ مئی کو ہونے والے امتحان کیلئے ۲۰۷۰؍امیدواروں نے سینٹر کے طور پر مالیگائوں کا انتخاب کیاہے، مجموعی طور پر۱۴؍ لاکھ سے زائد امیدواروں کی امتحان میں شرکت۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے)نے نیٹ (یوجی)۔۲۰۲۴ء کیلئے ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا ہے۔ ایگزام آف لائن موڈ پر ۵؍مئی ،اتوار کودوپہر ۲؍بجے سے شام ۵؍بجے تک لیاجائے گا۔ امیدواروںکوملنے والے ایڈمٹ کارڈ کی بنیاد پر واضح ہواکہ مالیگائوں میں امسال این ٹی اے نے ۵؍امتحانی مراکز قائم کئے ہیں:
(۱)اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج(۲)راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسکول (۳)دولتی انٹرنیشنل اسکول (۴)تکشیلااسکول (۵)ودیاوکاس انٹرنیشنل اسکول۔ اس طرح ۵؍ایگزام سینٹرپر مالیگائوں واطراف کے طلبہ کے امتحانات لئے جائیں گے۔ مالیگائوں سے سالِ گزشتہ ۱۹۹۵؍امیدواروں نے نیٹ ایگزام دیا تھا۔ شبنم شیخ (سٹی کوآرڈی نیٹر مالیگائوں ،این ٹی اے) نے بتایا کہ امسال ۲۰۷۰؍امیدواروں نے مالیگائوں کا انتخاب کیاہے۔ امیدواروںکی تعداد کے لحاظ سے ۵؍ایگزام سینٹرقائم ہوئے ہیں۔پانچوں امتحانی مراکز پرسی سی ٹی وی ،حفاظتی نظم ونسق اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں انصاری اشفاق صدیق (صدر مدرس اے ٹی ٹی )نے کہا کہ امسال نیٹ ایگزام کیلئے اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج میںایک ہزار۷۰؍امیدواروں کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔این ٹی اے نے گزشتہ ۲۲؍اپریل کودہلی میں اورینٹیشن منعقد کیاتھا۔ اے ٹی ٹی ہائی اسکول سے ۳؍نمائندوں نے اورینٹیشن میںشرکت درج کروائی ۔متعلقہ ایجنسی کی طرف سے جاری ہدایات وضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے صاف شفاف اور بے خوف ماحول میںنیٹ ایگزام کاانعقاد عمل میں آئے گا۔ انصاری نے کہا کہ ۳؍ مئی (جمعہ)کی صبح ساڑھے ۹؍بجے سے ساڑھے ۱۱؍بجے تک ایک تربیتی نشست اے ٹی ٹی کیمپس کے مولاناآزادہال میںہورہی ہے۔اس تربیتی نشست میں امتحانی عملہ میں شریک تمام افراد کی تربیت کی جائے گی۔
مرکزی وزارت تعلیم اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن(یوجی سی ) کی نگرانی میںکام کرنے والے ادارہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے)کی سینئرڈائریکٹرفارایگزامس ڈاکٹر سادھناپرسار کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امسال نیٹ میں ۱۴؍ لاکھ سے زائد امیدوار شریک ہورہے ہیں۔ملکی سطح پر ۵۵۷؍شہروں میںامتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ایک دن ایک وقت اور ایک سسٹم کے تحت پورے ملک میںلاکھوںامیدوارمذکورہ امتحان کے تحریری مرحلے سے گزریںگے۔لاکھوں امیدواروں کی سہولت کیلئے این ٹی اے عملہ پوری طرح مستعد ہے۔ڈاکٹر سادھناکے مطابق رواں سال ہندوستان کے علاوہ دنیا کے ۱۶؍ممالک میں این ٹی اے نے نیٹ کا انعقاد کیاہے۔کویت ،متحدہ عرب امارات،تھائی لینڈ،سری لنکا، قطر، نیپال، ملیشیا، نائیجیریا،بحرین،عمان، سعودی عرب، سنگاپوروغیرہ ممالک میںاین ٹی اے نے ایگزام سینٹرس قائم کئے ہیں۔
این ٹی اے کے جاری رہنما خطوط کے مطابق امتحان کے دوران لڑکوں کیلئے لائٹ ہاف سلیوشرٹ؍ٹی شرٹ ، ٹرائوزر (نان ڈینم)،سینڈل یا سلیپرپہن کر آنے کی اجازت ہے۔ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والا امیدوار پگڑی باندھ کر امتحان دے سکتا ہے۔ ہیوی میٹالک واچ ،کسی بھی قسم کے شوز،جیویلری،ٹریک پینٹ اور جینس کی ممانعت ہوگی۔لڑکیوں کیلئے شلوار،ٹرائوزر،سینڈل ، برقعہ ؍حجاب ،لائٹ ہاف سلیوٹاپس،بغیرہیٖل کی سینڈل پہن کر آنے کی اجازت ہے۔بگ رِسٹ واچ ،ہیئرپن ،ہیوی ائیر رِنگ،ہیوی ایمبرائڈری والا ڈریس،اونچی ہیٖل والی سینڈل ، بڑے بٹن والی ٹاپس ،لیگنگ ٹریک یا جینس پینٹ پہن کر آنا ممنوع ہے۔