ریسورٹ میں پھنسے ۴۹؍ سیاح اور۱۶؍ مقامی افراد کو این ڈی آر ایف نے محفوظ مقام پرپہنچایا۔
EPAPER
Updated: July 08, 2024, 12:21 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ریسورٹ میں پھنسے ۴۹؍ سیاح اور۱۶؍ مقامی افراد کو این ڈی آر ایف نے محفوظ مقام پرپہنچایا۔
اتوار کو شدید بارش کی وجہ سے تھانے ضلع کے علاقے شاہ پور میں اور پال گھر میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے ’نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس‘ (این ڈی آر ایف) نے راحت رسانی کی ۲؍ مختلف کارروائیوں میں کُل ۶۵؍ افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اس خصوصی آپریشن میں این ڈی آر ایف کے جوانوں نے ربر کی کشی اور لائف جیکٹ کا استعمال کیا۔ این ڈی آر ایف کے مطابق ۱۶؍ دیہاتی وسئی کے سائیوان میں واقع چالیس پاڑہ میں اپنے کھیتوں میں کام کررہے تھے لیکن رات بھر اور پھر صبح کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے اچانک ان علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور لوگ اپنے کھیتوں اور مختلف مقام پر پھنس گئے۔
مذکورہ مقام تانسا جھیل کے قریب واقع ہے اور جھیلوں پر شدید بارش کے سبب ان علاقوں میں پانی گھس آیا تھا اور اچانک اتنا زیادہ پانی بھرگیا کہ لوگوں کو اپنی جان بچانا مشکل ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو دوپہر تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے ان پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کیلئے روانہ کردیا گیا۔ان مصیبت زدہ لوگوں تک پہنچنے کیلئے فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کے عملہ کو کشتیوں کا استعمال کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے:’’دلیپ کمار کی علماء سے محبت اور ان کی انسانیت نوازی ہمیشہ یادآتی رہے گی‘‘
تقریباً ایسی ہی صورت حال پال گھر میں بھی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وسئی کے واسند میں واقع ریسورٹ میں ۴۹؍ افراد پھنس گئے ۔ انہیں بھی کشتیوں کے ذریعہ محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ موسم باراں میں شدید بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر پانی کی سطح اچانک بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے جس کی وجہ سے ہر سال این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو مانسون میں راحت رسانی کیلئے ممبئی، تھانے، پال گھر اور قرب و جوار کے علاقوں میں تعینات کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی پوری ریاست میں این ڈی آر ایف کی ۳۲؍ ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے ۔ ہر ٹیم میں ۳۲؍ سے ۳۵؍ اہلکار ہیں۔