Inquilab Logo

۳۵؍ سال سے سحری کے وقت ’اُٹھو اللہ کے بندوں‘ کی صدا لگانے والا ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگیا

Updated: April 27, 2024, 8:51 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

میمن واڑہ کے۶۵؍ سالہ فاروق قریشی عرف ’تازہ‘ بھائی کا انتقال، وہ اپنی دل کش گزارشات سےلوگوں کو متوجہ کرتے تھے۔

Farooq Qureshi alias `Taza` Bhai. Photo: INN
فاروق قریشی عرف ’تازہ‘ بھائی۔ تصویر : آئی این این

شہر ومضافات کی عبادت گاہوں، درگاہوں، چرچ ، مندر اور گرجاگھر وں کے علاوہ رمضان المبارک، شب برأت ، شب معراج، گنپتی ، نوراتری، ماہم کامیلہ، مختلف درگاہوں کے عرس، مائونٹ میری کا میلہ اور اسی طرح کی دیگر تقریبات کےموقع پر اپنی دل کش گزارشوں سےلوگوںکو متوجہ کرنےوالے میمن واڑہ ( مینارہ مسجدجنکشن ) کے۶۵؍ سالہ بے لوث خدمت گزار فاروق قریشی عرف ’تازہ‘ بھائی کا  انتقال ہوگیا۔رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں فالج کااثر ہونے پر انہیں علاج کیلئے اسپتال داخل کیاگیاتھا۔ روبہ صحت ہونے کےبعد وہ میرا روڈ کے اولڈ ایج ہوم میں مقیم تھے۔جہاں جمعہ کو ان کی رحلت ہوگئی۔ مرین لائنس کے بڑے قبرستان میں سیکڑوں سوگواروںکی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کیاگیا۔

یہ بھی پڑھئے: ورشا گائیکواڑ ممبئی نارتھ سینٹرل سے کانگریس کی امیدوار۔ ادھو کا ورشا کو فتحیاب کرنے کا عزم

تازہ بھائی انتہائی خوش مزاج، سادہ لوح، زندہ دل اوربے لوث انسان تھے۔ رمضان المبار ک میں گزشتہ ۳۵؍ سال سے سحری کے وقت مائیکروفون سے لگائی جانے والی صدا ’’اُٹھو اللہ کے بندوں اُٹھوسحری کاوقت ہوگیا‘‘ ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی ۔تازہ بھائی بھنڈی بازار، محمد علی روڈ ، ناخدا محلہ، مینارہ مسجدجنکشن اور اطراف کے علاقوں میں عید کی خریداری کیلئے آنے والوں سے بڑی دلکش گزارشیں کرتےتھے۔ ’’خود بھی چلیں،دوسروںکو چلنے کاموقع دیں، موبائل فون تمہارے دل کاٹکڑا ہے،اس کی حفاظت کریں، پرس تمہاری ضرورتوںکو پورا کرتاہے،اس کا  خیال رکھیں ، پاکٹ مار سے ہوشیار رہیں، اپنے سامان کی حفاظت خود کریں، اس طرح کی گزارشات وہ۳۵؍ برسوں سے کررہےتھےتاکہ بھیڑبھاڑ میں لوگوںکاکوئی نقصان نہ ہوجائے۔ ان کی ادابھی نرالی تھی ۔وہ اپنی اس خدمت کیلئے کسی سے کوئی تقاضا نہیں کرتےتھے۔ تازہ بھائی کے تعلق سے میمن واڑہ کے ۵۲؍سالہ محمد ہاشم عرف راجومرغی والانے اس نمائندہ کو بتایا کہ’’ان کے گھر والے کرلا میں مقیم ہیں لیکن  وہ ہمیشہ میمن واڑہ میں میرے والدین کے ساتھ ہی رہے ۔ میں انہیں بچپن سے جانتاہوں۔تازہ بھائی بہت زندہ دل انسان تھے۔ ہمیشہ لوگوںکی خدمت کی۔ مسلمانوں کےساتھ برادران وطن میں بھی کافی مقبول تھے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK