• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ورشا گائیکواڑ ممبئی نارتھ سینٹرل سے کانگریس کی امیدوار۔ ادھو کا ورشا کو فتحیاب کرنے کا عزم

Updated: April 27, 2024, 8:41 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

طویل انتظار کے بعد آخر کار کانگریس نے ممبئی نارتھ سینٹرل لوک سبھا سیٹ کیلئے اپنی ممبئی یونٹ کی سربراہ ورشا گائیکواڑ کے نام کا اعلان جمعرات کو کر دیا۔

Uddhav Thackeray and Varsha Gaekwad addressing the media after the meeting. Photo: INN
ادھو ٹھاکرے اور ورشا گائیکواڑ ملاقات کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

طویل انتظار کے بعد آخر کار کانگریس نے ممبئی نارتھ سینٹرل لوک سبھا سیٹ کیلئے اپنی ممبئی یونٹ کی سربراہ ورشا گائیکواڑ کے نام کا اعلان جمعرات کو کر دیا ۔اس اعلان کے بعد جمعہ کو ورشا گائیکواڑ نے ماتوشری جاکر شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے۔ یو بی ٹی ) کے سربراہ اور مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے)کے لیڈر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ ادھو نے یقین دلایا کہ وہ خود بھی ورشا کے ووٹر ہیں اور یقینی طور پر انہیں اس مقابلے میں فتحیاب کریں گے اور  ورشا گائیکواڑ کو رکن پارلیمان بناکر دہلی بھیجیں گے۔
 ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ملک سے آمریت ختم ہونا چاہئے، ملک کا آئین محفوظ ہونا چاہئے اس کیلئے مہاراشٹر مہاوکاس اگھاڑی اور قومی سطح پر انڈیا اتحاد کی فتح   ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ورشا گائیکواڑ دھاراوی حلقہ کی رکن اسمبلی ہیں اور وہ ممبئی ساؤتھ سینٹرل سے امیدواری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں کیونکہ اس پارلیمانی حلقہ میں ان کا اسمبلی حلقہ دھاراوی بھی آتا ہے۔اس   سیٹ سے ان کے والد آنجہانی  ایکناتھ گائیکواڑ  اور پریہ دت الیکشن لڑ چکے ہیںلیکن اس مرتبہ اس سیٹ سے شیو سینا ( ادھو ) کے امیدوار کو موقع دیا گیا ہے۔ گزشتہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی امیدوار پرمودمہا جن کی بیٹی پونم مہاجن یہاں سے منتخب ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ میں مشتعل بھیڑ کا پولیس اسٹیشن پر پتھرائو،قتل کے ملزم کو حوالے کرنے کا مطالبہ

جب ادھو ٹھاکرے سے یہ پوچھا گیا کہ ورشا گائیکواڑ کو ممبئی ساؤتھ سینٹرل کے بجائے ممبئی نارتھ سینٹرل سے امیدوار کیوں بنایا گیا ہے؟ ادھو نے کہاکہ ’’ ورشا گائیکواڑ ممبئی کانگریس کی صدر  ہیں اور وہ کہیں سے بھی الیکشن لڑ سکتی ہیں اور یہ (ممبئی نارتھ سینٹرل) تو میرے گھر کا پارلیمانی حلقہ ہے اور میرا ووٹ ورشا کو ہی ملے گا۔‘‘
 اس موقع پر ورشا گائیکواڑ نے کہاکہ ’’ ادھو ٹھاکرے مجھ  سے  اچھی طرح واقف ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس الیکشن میں مجھے ان کا تعاون ضرور ملے گا اور ہم نہ صرف ممبئی نارتھ سینٹرل بلکہ مہا وکاس اگھاڑی کی سبھی سیٹیں کو  جیتیں گے۔
مشعل لئے ہوئے ہاتھ کو ووٹ دوں گا: ادھو 
 ادھو ٹھاکرے سے جب یہ پوچھا گیا کہ آپ پہلی مرتبہ اپنا ووٹ کانگریس کے ہاتھ پر کریں گے ، انہوںنے کہاکہ’’ کانگریس کے ہاتھ میں شیو سینا( ادھو) کی مشعل ہے  ، لہٰذا مَیں مشعل لئے ہوئے  ہاتھ کو ووٹ کروں گا اورہمارے اتحاد کو ہم ’توتاری‘ کے ذریعے عام کریں گے۔‘‘
ممبئی نارتھ سینٹرپارلیمانی حلقہ پر ایک نظر
 ممبئی نارتھ سینٹرل پارلیمانی حلقہ ۶؍ اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔ان میں ولے پارلے، چاندیولی، کرلا ، کالینہ، باندرہ (ایسٹ) اور باندرہ ( ویسٹ) حلقہ شامل ہے۔ ولے پارلے سے بی جے پی کے پراگ الوانی ، چاندیولی سے شیو سینا (شندے) کے دلیپ لانڈے( ماما)، کرلا( ایس سی ) سے  شیو سینا (شندے) کے منگیش گڈالکر، کالینہ سے شیو سینا(ادھو) کے سنجے پوٹنس، باندرہ (ایسٹ ) سے کانگریس کے ذیشان صدیقی اور باندرہ( ویسٹ) سے بی جے پی کے اشیش شیلار رکن اسمبلی  ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK