• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ جنگ: ۱۹؍ سالہ ٹک ٹاکر محمد حلیمی اسرائیلی حملے میں جاں بحق

Updated: August 31, 2024, 6:21 PM IST | Jerusalem

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں جنوبی غزہ کے المواسی کیمپ کے ٹک ٹاکر محمد حلیمی عرف ’’میڈو‘‘ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ وہ جنگ کے دوران دنیا کا فلسطین کے حالات سے آگاہ کرنے کیلئے ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرتے تھے۔ ٹک ٹاک پر ان کے ۲؍ ملین سے زائد صارفین تھے۔

Muhammad Halimi making a video. Photo: X
محمد حلیمی ویڈیو بناتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

غزہ کے ۱۹؍ سالہ ٹک ٹاکر محمد حلیمی عرف میڈو اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ محمد حلیمی ٹک ٹاک پر اپنے ’’ٹینٹ لائف‘‘ ویڈیو کیلئے دنیا بھر میں مشہور تھے جس میں وہ جنوبی غزہ کے المواسی کیمپ میں اپنی روزمرہ کی زندگی پر ویڈیوز بناتے تھے۔
ان کا یہ جملہ کافی مشہور ہوا جو انہوں نے متعدد ویڈیوز میں کہا تھا ’’کیا آپ دیکھنا چاہتے ہیں کہ خیمے میں زندگی کس طرح گزاری جاتی ہے، میرے ساتھ آیئے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ میں اپنا دن کیسے گزارتا ہوں۔‘‘ 

ان کے ٹک ٹاک پر ۲؍ ملین سے زائد صارفین تھے۔ پیر کو وہ اپنے دوست اور شریک کار طلال مراد سے ملاقات کیلئے مقامی انٹرنیٹ کیفے گئے تھے۔ اپنی موت کے دن تک انہوں نے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنائی اور صارفین کو جنگ کے دوران غزہ کے حالات سے آگاہ کیا تھا۔ اس ضمن میں ان کے دوست مراد (۱۸؍)، جو اسی حملے میں زخمی ہوئے ہیں، نے کہا کہ ان کا یہ کام اسرائیل کے خلاف ایک طرح کی مزاحمت تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ایپل اے آئی کے شعبے میں لیڈر بننے کیلئے اوپن اے آئی میں فنڈنگ بڑھا رہا ہے

مراد نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تھے۔ اگلے ہی لمحے تیز روشنی آئی اور پھر ایک دھماکہ ہوا۔ اسرائیلی حملے میں ان کے دوست محمد حلیمی ہلاک ہوگئے جبکہ وہ زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے دوست کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہم تمام چیزیں ایک ساتھ کرتے تھے، ہم ایک ساتھ مسکراتے تھے، ایک ساتھ روتے تھے، کئی گھنٹے ایک ساتھ گھومتے پھرتے تھے، ہم نے ایک ساتھ بزنس کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہم ایک ساتھ مر نہیں سکے۔‘‘ 

میڈو اپنے ویڈیوز کے ذریعے صارفین کو جنگ زدہ غزہ کے حالات سے باخبر کرتے تھے۔ تصویر: ایکس 

میڈو (محمد حلیمی) کی بہن رہاف حلیمی نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’جو بھی میڈو کو جانتا، اسے پسند کرتا۔ اس نے سب پر اپنے اچھے تاثرات چھوڑے ہیں۔ وہ اپنے خوابوں کے ساتھ پرمقصد تھا۔ وہ بہت محنت کرتا تھا۔ اس نے کئی نوجوان ٹیموں کی قیادت کی تھی۔ دنیا بھر میں اس کے کئی دوست تھے۔ میڈو کی موت کا سب کو افسوس ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK