• Tue, 29 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ میں مہلوکین کی تعداد ۴۳ ہزار سے تجاوز کرگئی

Updated: October 28, 2024, 8:09 PM IST | Jerusalem

بروز پیر، اسرائیل نے غزہ پٹی میں کئی فضائی حملے کئے جن میں ۵ سے زائد فلسطینی ہلاک ہوگئے۔ تازہ ہلاکتوں کے بعد غزہ میں مہلوکین کی تعداد ۴۳ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

عالمی برادری کی مسلسل تنقید کے باوجود اسرائیل غزہ میں اپنی جنگی کارروائیوں سے باز نہیں آرہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق، اسرائیل نے غزہ پٹی میں پیر کو علی الصبح متعدد فضائی حملے کئے جن میں ۵ سے زائد فلسطینی ہلاک ہوگئے۔ ان ہلاکتوں کے بعد غزہ میں مہلوکین کی تعداد ۴۳ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے شمالی غزہ کے علاقہ بیت لاہیہ میں فلسطینی شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جبکہ ایک اسرائیلی ڈرون نے مشرقی غزہ کے شجاعیہ محلہ میں فلسطینیوں کے ایک گروہ پر حملہ کیا۔ اس حملہ میں ۳ فلسطینی ہلاک اور ۳ زخمی ہوئے ہیں۔ وفا نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج نے زیتون کے پڑوس میں ایک کلینک پر حملہ کیا، تاہم اس حملہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سوڈان: بھکمری کے خطرے کو ٹالنے کیلئے ایجنسی کی رسائی ممکن بنائی جائے :یو این

پیر کی صبح اسرائیل نے وسطی غزہ میں واقع نصیرات رفیوجی کیمپ پر بھی حملہ کیا جس میں ایک فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق، مشرقی المغازی رفیوجی کیمپ میں اسرائیلی ڈرون کی فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ 
غزہ پٹی کے جنوب میں، رفح اور دیگر علاقوں پر اسرائیلی فوج کے حملے اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ فوج نے شہر کے شمال مغربی علاقوں میں مزید عمارتوں کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور فورسیز نے جبالیہ میں رہائشی بلاکس کو دھماکے سے اڑا دیا۔ واضح رہے کہ جبالیہ کیمپ، غزہ کے آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سب سے بڑا ہے۔ جنوبی غزہ میں اسرائیلی بحری افواج نے خان یونس کے شمال مغرب میں القارا کے ساحل پر بھی گولہ باری کی۔
اسرائیل کے مطابق، وہ حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کیلئے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ فلسطینیوں کا الزام ہے کہ اسرائیل اس علاقے پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور یہاں کے باشندوں کو زبردستی بے گھر کرنا چاہتا ہے۔
اس سے قبل اتوار کو غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں زائد از ۱۳ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ غزہ سول ڈیفنس میں موجود ذرائع نے بتایا کہ شمالی غزہ میں بیت لاہیہ پر اسرائیلی حملے میں ۱۰ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ متعدد افراد اب بھی ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس خدمات دستیاب نہیں ہیں۔ 
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کیلئے قرارداد منظور ہو جانے کے باوجود، غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ جنگی کارروائیاں جاری ہیں جنہیں اب ایک سے سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ کی تقریباً پوری آبادی بے گھر ہوچکی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے جاری سخت ناکہ بندی نے غزہ میں خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت پیدا کردی ہے۔ اسرائیل غزہ میں اپنے اقدامات کیلئے عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں نسل کشی کے مقدمہ کا سامنا کررہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK