• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہند رجب فاؤنڈیشن نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوجیوں کے مظالم کا پردہ فاش کیا

Updated: October 09, 2024, 6:40 PM IST | Jerusalem

فاؤنڈیشن نے دعویٰ کیا کہ یہ، عالمی عدالت کی تاریخ میں اب تک جمع کروائے گئے شواہد کا سب سے بڑا مجموعہ ہے اور یہ دستاویز جامع ثبوتوں پر مبنی ہے جن میں، ویڈیوز، آڈیو ریکارڈنگ، فرانزک رپورٹس، اور سوشل میڈیا پوسٹس کی شکل میں ۸ ہزار سے زائد ثبوت شامل ہیں۔ ہند رجب فاؤنڈیشن نے ایک ہزار اسرائیلی فوجیوں کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

۸ اکتوبر کو ایک مثالی قدم اُٹھاتے ہوئے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں ایک شکایت داخل کی اور ایک ہزار سے زیادہ اسرائیلی فوجیوں پر غزہ میں جنگی جرائم، انسانیت مخالف جرائم اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام عائد کیا۔ فاؤنڈیشن نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی کی تاریخ میں اب تک جمع کروائے گئے شواہد کا سب سے بڑا مجموعہ ہے اور یہ دستاویز جامع ثبوتوں پر مبنی ہے۔ اس میں، ویڈیوز، آڈیو ریکارڈنگ، فرانزک رپورٹس، اور سوشل میڈیا پوسٹس کی شکل میں ۸ ہزار سے زائد ثبوت شامل ہیں جو فلسطینیوں پر نام نہاد اسرائیلی فوجیوں کے جرائم جیسے شہری بنیادی ڈھانچے کی تباہی، غیر قانونی قبضہ اور لوٹ مار، غزہ کی ناکہ بندی میں شرکت، شہریوں کو نشانہ بنانا اور غیر انسانی جنگی حربوں کا استعمال و دیگر مظالم کا پردہ فاش کرتے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے زور دیا کہ شکایت میں نامزد تمام ایک ہزار سے زائد فوجی، جن میں اعلیٰ عہدے پر فائز افسران بھی شامل ہیں، زیر بحث مدت کے دوران غزہ میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ: اِسرو کا دورہ کرنے والے طلبہ کا سائنسداں بننے کا عزم

فاؤنڈیشن کی شکایت میں خاص طور پر دوہری شہریت رکھنے والے فوجیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جو فرانس، امریکہ، کنیڈا، برطانیہ اور نیدرلینڈ جیسے ممالک کی شہریت رکھتے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے ان ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان افراد کو جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت مخالف جرائم میں ملوث ہونے پر فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے خلاف مقدمہ چلائیں۔
واضح رہے کہ ہند رجب اسرائیل کے ہاتھوں قتل ہونے والی ۶؍ سالہ فلسطینی بچی تھی۔ اس کی کہانی اسرائیل کی طرف سے فلسطینی بچوں کے خلاف کئے جانے والے جرائم کی علامت بن گئی ہے۔
ہند رجب فاؤنڈیشن، عالمی سطح پر اسرائیل کو حاصل استثنیٰ کو ختم کرنا چاہتا ہے اور مبینہ جرائم کیلئے اس کی جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہے۔ فاؤنڈیشن کو امید ہے کہ ظالموں کی نشاندہی کرکے اور ان کے خلاف ثبوت فراہم کرنے کا یہ عمل، فلسطین کو انصاف دلانے کی عالمی لڑائی میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK