Updated: April 01, 2025, 4:18 PM IST
| Gaza Strip
غزہ پٹی میں عیدا الفطر کے دوسرےدن رفح اور مغربی کنارے سے دسیوں ہزار فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ پیر کو اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں انخلاء کا حکم جاری کیا تھا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ’’۱۸؍ مارچ ۲۰۲۵ء سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں جبکہ ۲؍ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
فلسطینیوں کو گدھا گاڑی پر سوار دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: ایکس
عید الفطرکے دوسرے دن رفح اور مغربی کنارے سے دسیوں ہزار فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں اوراپنے باقی ماندہ سامان کے ساتھ وسطی غزہ کی جانب گامزن ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کے ’’انخلاء‘‘ کا حکم جاری کرنے کے بعد فلسطینی ایک مرتبہ پھر بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اسرائیل فوج نے پیر کو عیدالفطر کے دوسرے دن رفح اور اس کے قریبی علاقوں میں انخلاء کا حکم جاری کیا تھا جو جنوبی غزہ میں اسرائیل کے ممکنہ زمینی حملے کی نشاندہی کرتا ہے۔

فلسطینیوں نے اسرائیلی بمباری کے دوران عید منائی ہے۔ تصویر: ایکس
رفح اوراس کے قریبی علاقوں سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے چہروں پر مایوسی اور اداسی کی تھی۔چند فلسطینی بائیک یا پیدل سفرکررہے تھے جبکہ دیگر بیل گاڑی کے ذریعے نقل مکانی کررہے تھے۔ کچھ فلسطینی گدھا گاڑی پر سفر کررہے تھے۔ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینیوں نے گدھا گاڑیوں اور بیل گاڑیوں پر اپنی بنیادی اشیاء، گدے، کمبل اور دیگر چیزیں لادی ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ ۱۸؍مارچ ۲۰۲۵ء کو اسرائیل نے غزہ پراپنے حملے دوبارہ شروع کئے تھے جس کے بعد ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد۵۰؍ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: جاں بحق ہونے والے ۸۲۵؍ بچے پہلی سالگرہ بھی نہیں منا سکے، چند بچوں کی وصیتیں
۱۸؍مارچ ۲۰۲۵ء سے اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ’’۱۸؍مارچ ۲۰۲۵ء سے اب تک غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار ۰۱؍ سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ۲؍ ہزار ۳۵۹؍زخمی ہوئے ہیں۔گزشتہ ۴۸؍ گھنٹوں میںغزہ پٹی کے اسپتالوں میں ۸۰؍مہلوکین کی لاشیں جبکہ ۳۰۵؍ سے زائد زخمی افراد علاج کیلئے آئے ہیں۔