• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انڈونیشیا میں سونے کی کان دھنس گئی، ۱۲؍ مزدور جاں بحق

Updated: July 09, 2024, 1:37 PM IST | Agency | Jakarta

زندہ بچ جانے والے ۵؍ افراد کو بچاؤ آپریشن میں نکالاگیا ،۱۸؍ دیگر لاپتہ، جائے حادثہ تک پہنچنے میں کارکنوں کو شدید دشواری۔

Landslides have also destroyed houses. Photo: INN
لینڈ سلائیڈنگ سے مکانات بھی منہدم ہوئے ہیں۔ تصویر : آئی این این

انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں شدید بارش کے باعث سونے کی ایک کان میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم۱۲؍ افراد جاں بحق اور۱۸؍ دیگر لاپتہ ہو گئے۔ مقامی ریسکیو ایجنسی (باسار ناس) کے سربراہ نے بتایا کہ صوبہ گورنٹالو کے سوواوا علاقے میں اتوار کی صبح ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ میں کان میں کام کرنے والے مزدور اورکان کے قریب رہنے والے کچھ افرادکی موت ہوئی ہے۔ اس کان کوغیر قانونی بتایاجارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندہ بچ جانے والے ۵؍ افراد کو نکال لیا گیا۔ ایک ریسکیو ٹیم پیر کو۱۸؍ لاپتہ افراد کی تلاش کر رہی تھی۔ انہوں نے بتایا ہم نے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے نیشنل ریسکیو ٹیم، پولیس اور فوج کے جوانوں پر مشتمل ۱۶۴؍ اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:وزیر اعظم مودی روس پہنچے، ماسکومیں شاندار اِستقبال

امدادی کارکنوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے مقام تک پہنچنے کیلئے ۲۰؍ کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔ سڑک پر بھاری کیچڑ اور علاقے میں مسلسل بارش کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایجنسی کی طرف سے شائع کردہ متاثرہ گاؤں کی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے کچھ مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مٹیگیشن ایجنسی نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ صوبہ گورنٹالو کے کچھ علاقوں میں منگل کو بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ لوگ چوکس رہیں اور کسی اور ممکنہ آفت سے بچنے کے لیے احتیاط برتیں۔ 
 یاد رہے گزشتہ مئی میں انڈونیشیا کے مغربی سماترا صوبے میں شدید بارش کے باعث سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے۵۰؍ سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK