• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوریگاؤں: آرے ملک کالونی کا سرکاری دفتر شرابیوں کے اڈے میں تبدیل!

Updated: June 03, 2024, 10:10 AM IST | Ranjit Jadhav | Goregaon

غیرسرکاری تنظیم ’ ڈبلیو ڈبلیو ایچ‘ نے حکومت سے گورنمنٹ آفس کے احاطے میں شراب اور سگریٹ نوشی کرنے والے افسروںپر فوری کارروائی کامطالبہ کیا۔

This picture was taken when the officials in the government office were drinking during working hours. Photo: INN
یہ تصویر اس وقت اتاری گئی جب سرکاری دفتر میں افسران کام کے اوقات میں شراب نوشی کررہے تھے۔ تصویر : آئی این این

یہاں مشرقی جانب آرے ملک کالونی میں ایک سرکاری دفترشرابیوں کے اڈے میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ آرے کے سی ای او (چیف ایگزیکٹیوآفیسر) کے دفتر سے منسلک سینئر افسران کو کالونی کے ایک دفتر کے اندر دن کے اجالے میں شراب پیتے ہوئے پایا گیا۔ ۳۰؍مئی کو غیر سرکاری تنظیم’ وی وِل ہیلپ (ڈبلیو ڈبلیو ایچ) چیرٹیبل فاؤنڈیشن نے مویشی پالن اور ڈیری ڈیولپمنٹ کےریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل اور اسی ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری تکارام منڈھے کو ایک خط بھیجا ہےجس میں اس نے آرے کالونی کے سی ای او آفس کےان عہدیداروں کی نشاندہی کی ہے جن میں سینئر کلرک وجے کوکھرے، اسسٹنٹ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سوریہ کانت کھاٹے، زراعت کے اسسٹنٹ مہادیو یلکنڈے اور سینئر کلرک سنجے جوگی شامل ہیں۔ خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان افراد کو کام کے اوقات میں سرکاری احاطے میں شراب نوشی اور سگریٹ نوشی کرتے دیکھا گیاہے۔ تصویر اور عہدیداروں کے نام بھی وزیر اور سیکریٹری کو بھیجے گئے ہیں۔ 
  ڈبلیوڈبلیو ایچ چیرٹیبل فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ٹرسٹی یوجین داس نے کہاکہ ’’اکثرکی جانے والی بیٹھکوں میں سے آرے کالونی کے یونٹ نمبر۵؍کے سرکاری نرسری آفس میں حال ہی میں ایک تصویر لی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آرے کے سی ای او آفس کے سینئر سرکاری افسران کام کے اوقات کے دوران سرکاری احاطے میں شراب پیتے اور سگریٹ نوشی کررہے ہیں۔ ہم حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نامناسب حرکت میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ عہدیداروں کے نام اور تصاویر ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر اور سیکریٹری کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ممبئی سے۵۰؍پروازوں کے ذریعے۲۰؍ہزار عازمین حرم پاک پہنچ گئے

ڈبلیو ڈبلیو ایچ چیرٹیبل فاؤنڈیشن ماحولیاتی سرگرمیاں انجام دیتی ہے اور مہاراشٹر میں قبائلیوں کے ساتھ بھی کام کر رہی ہے۔ اس نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہےکہ وہ آرے ملک کالونی کے یونٹ نمبر۵؍میں ٹوٹی پھوٹی سرکاری نرسری کو ڈیولپ کرنے اور چلانے کی منظور دے۔ اسی طرح آرے ملک کالونی میں گنیش مندر کے قریب یونٹ نمبر۲۰؍ کی نرسری کو ڈبلیو ڈبلیو ایچ کی منظوری سے قبل گلوبل آرٹ فاؤنڈیشن کودینا منظور کیا جاچکا ہے۔ 
 غیرسرکاری تنظیم نے اپنے ایک فلاحی پروجیکٹ کو ’آرے وسندھرا‘ کا نام دیاہے۔ بدقسمتی سےآرے کالونی کے سی ای او کے دفتر میں بڑے پیمانے پر بدعنوان بیوروکریٹس نے اس پروجیکٹ کیلئے مزید منظوری اور این او سی دینے کیلئے ڈبلیوڈبلیو ایچ چیرٹیبل سے رشوت کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ یہ الزام غیرسرکاری تنظیم نےلگایا ہے۔ اس نے مزید الزام لگایا کہ آرےکالونی کے حکام نے۶؍ مارچ کو لوک آیکت کو دی گئی اپنی رپورٹ میں تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کے مطابق کسی بھی پیش رفت کی ضروریات سے صاف انکار کیا کیونکہ ان کے رشوت کے مطالبات کو ٹھکرا دیا گیاتھا۔ غیرسرکاری تنظیم نے یہ بھی الزام لگایاہے کہ آرے کے سی ای او کے دفتر کی طرف سے تنظیم کو اکثر اس حد تک ہراساں کیا جاتا ہے کہ اس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں اور بچوں کو واش روم کے استعمال تک سے منع کر دیا گیا تھا۔ 
  سیکریٹری تکارام منڈھے نے مڈ ڈے کو بتایاکہ ’’ضروری کارروائی کی جائے گی۔ سی ای او کو پہلے ہی ضروری کارروائی کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK