• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوونڈی میں منشیات کے کاروبار اور بڑھتے جرائم کے خلاف احتجاج

Updated: August 19, 2024, 11:22 AM IST | Nadeem Asran | Govandi

پولیس اور اینٹی نارکوٹکس سیل سے گوونڈی، مانخورد اور اطراف کےعلاقوں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی اپیل۔

A protest has been going on for the last 3 days in Govindi against the scourge of drugs and crimes. Photo: INN
نشہ کی لعنت اور جرائم کیخلاف گوونڈی میں گزشتہ ۳؍دنوں سے احتجاج کیا رہا ہے۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ ہفتے گوونڈی میں منشیات کی خرید و فروخت اور دیگر جرائم میں ملوث نوجوانوں نے ایک ۱۷؍ سالہ نابالغ کو بے رحمی سے قتل کیا تھا۔ اس کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ، گوونڈی کے باشندوں اور غیر سرکاری تنظیمیں قتل میں ملوث جرائم پیشہ ا افرا د کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس کے علاوہ گوونڈی شیواجی نگر، بیگن واڑی، مانخورد اور اطراف میں رہنے والے مکین مسلسل بڑھتے منشیات کے کاروبار اور خریدو فروخت کو روکنےکے ساتھ ہی پولیس، سماجی اور سیاسی لیڈران سے ان علاقوں کو جرائم سے پاک کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ 
 گزشتہ ۳؍دنوں سے متذکرہ علاقوں کے مکین منشیات کے کاروبار اور بڑھتے جرائم پر قدغن لگانے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔ یہ لوگ نوجوانوں کے منشیات کی لت کا شکار ہونے اور اس کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے پر فکر مندی کا اظہار کر رہے ہیں۔ یہاں کے مکین سٹیزن ویلفیئر فورم نام کی تنظیم کے کارکنان کے ساتھ مل کر ۱۷؍ سالہ احمد خان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا پُرزور مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ اس کا خاطر خواہ نتیجہ بھی برآمد ہوا، پولیس نے جہاں پہلے دن مذکورہ بالا قتل معاملہ میں ملوث ایک خاتون اور ایک ۱۷؍ نابالغ کے علاوہ دیگر۲؍ ملزمین کو گرفتار کیا تھا اب اس قتل کے سرغنہ اور منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزم حفیظ اللہ خان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:شہروں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوئی

گوونڈی کے عوام نے مذکورہ بالا قتل اور منشیات اور اس کی خرید و فروخت کے سبب بڑھتے جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس اور نارکوٹکس سیل سے اپیل کی۔ وہیں تنظیم کے ذریعہ ایک میٹنگ کا اہتمام کر کے مقامی سیاسی، سماجی اور ملی تنظیموں سے وابستہ لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا اور ان سے اس مہم میں شامل ہونے اورٹھوس قدم اٹھانے کی اپیل کی گئی۔ ساتھ ہی گوونڈی واسیوں سے عوامی سطح پر منشیات میں ملوث نوجوانوں کی اصلاح کرنے اور اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی گئی۔ اس احتجاج اور ہونے والی میٹنگ کے دوران ’ نشہ وردھی سنگھرش سمیتی ‘ کی بنیاد بھی رکھی گئی۔ 
 عوامی سطح پر اٹھائے گئے اس قدم پر روشنی ڈالتے ہوئے تنظیم کے کنوینر شیخ فیاض عالم نے کہا کہ ’’ گوونڈی منشیات اور جرائم کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ جس طرح حکومت نے ہر گھر ترنگا لگانے کی اپیل کی ہے، اسی طرح یہاں ہر گھر کے نوجوانوں کو جرائم اور منشیات سے پاک کرنے کیلئے عوامی سطح پریہ مہم چلائی جارہی ہے۔ اس میں پولیس کے علاوہ سیاسی، سماجی اور ملی تنظیموں کے لیڈران کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ ‘‘
  گوونڈی، شیواجی نگر، مانخورد اور اطراف میں منشیات کے بڑھتے کاروبار اور نوجوانوں کے اس کا شکار ہونے پر یہاں رہنے والے شیخ مصطفیٰ نے پولیس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ گوونڈی کو غنڈہ گردی، منشیات اور جرائم کا اڈہ بنانے کیلئے ’خاکی ‘کا شکریہ۔ ‘‘ تاہم مقامی نوجوان عتیق احمد نے ریاستی حکومت، پولیس، سماجی، ملی اور سیاسی لیڈران سے اپیل کی کہ’’ جس طرح سے ہمارے مجاہد آزادی نے ملک کو انگریزوں سے آزاد کرایا ہے، اسی طرح گوونڈی کوبھی جرائم، منشیات اور نوجوانوں کو نشہ کی لت سے آزاد کرائیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK