نفرت انگیز مہم کی وجہ سے مظاہروں کو روکنے کیلئے پولیس کی خصوصی یونٹ کا قیام، وزیراعظم کئیر اسٹارمر نےمسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کا وعدہ کیا۔
EPAPER
Updated: August 03, 2024, 12:59 PM IST | Agency | London
نفرت انگیز مہم کی وجہ سے مظاہروں کو روکنے کیلئے پولیس کی خصوصی یونٹ کا قیام، وزیراعظم کئیر اسٹارمر نےمسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کا وعدہ کیا۔
برطانیہ میں چاقو بردار کے حملے میں ۳؍ بچوں کے قتل کے بعد مسلمانوں کے خلاف دائیں بازو کے شدت پسند عناصر کی نفرت انگیز مہم کے نتیجے میں ملک میں مسلمانوں کے خلاف اور اور مساجد کے باہر پرتشدد مظاہروں سے نمٹنے کیلئے لندن میں پولیس کی خصوصی یونٹ قائم کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے مسلمانوں کو تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بچوں کے قتل کے بعد دائیں بازو کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے حوالے سے پریس کانفرنس میں وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے اعلان کیا کہ دائیں بازو والے مساجد پر حملے کرکے ’’اپنی حقیقت ‘‘ عیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدامنی پھیلانے میں ’’بدمعاش گروہ ملوث‘‘ ہیں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ’’ ملک بھر کی پولیس فورسیز پُرتشدد واقعات سے متحد ہوکرنمٹیں گی، مسلم کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا جو ضروری ہو۔ ‘‘ کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا بڑے پیمانے پر بدامنی چند بے عقل افراد کے اقدام سے پھیلی ہے۔ سڑکوں پر امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نامناسب سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے انٹیلی جنس کا اشتراک اور چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا سہارا لیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:امول مٹکری کا راج ٹھاکرے پر سنگین الزام، ایم این ایس کی جانب سے پھر دھمکی
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے دائیں بازو کی سیاست کی مذمت بھی کی اور کہا کہ ساؤتھ پورٹ حملے کے متاثرین کا دکھ ناقابل تصور ہے، واضح ہے کہ بدامنی آن لائن تشہیر سے پھیلی۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں سوشل میڈیا کمپنیوں کو اپنی ذمہ داری بھی یاد دلائی۔ اس سے قبل مسلم کونسل آف برٹین نے اپیل کی کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے اضافی اقدامات کئے جائیں۔
اس بیچ برطانیہ میں ساؤتھ پورٹ واقعے کے بعد برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی ہدایت پر خصوصی پولیس یونٹس کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ٹک ٹاک پر جھوٹی اور نفرت انگیز معلومات شیئر کرنے والے اکاؤنٹس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ رطانوی وزیراعظم نے سوشل میڈیا کمپنیوں اور غلط معلومات پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آن لائن تشہیر سے بد امنی پھیلی، سوشل میڈیا کمپنیاں ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے کہ ساؤتھ پورٹ میں ایک چاقو بردار نوجوان نے بچوں کے ڈانس پروگرام میں تین بچوں کو ہلاک کردیاتھا۔ اسی کو بنیاد بناکر سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جارہی ہے اور شدت پسندوں کو مسلمانوں پر حملے کیلئے اُکسایا جارہاہے۔