مہاراشٹر کے۹۰۰؍سےزائد ایسے عازمین ہیں جنہوں نےاب تک ایک قسط بھی جمع نہیںکرائی ہے ۔۲؍لاکھ ۷۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانےہیں۔
EPAPER
Updated: January 25, 2025, 6:31 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
مہاراشٹر کے۹۰۰؍سےزائد ایسے عازمین ہیں جنہوں نےاب تک ایک قسط بھی جمع نہیںکرائی ہے ۔۲؍لاکھ ۷۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانےہیں۔
منتخب عازمین ِ حج کو راحت دیتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے رقم جمع کرانےکی تاریخ میں ۳۱؍جنوری ۲۰۲۵ء تک مزید توسیع کردی ہے۔ ان ۷؍دنوں میں عازمین انتظام کرکے رقم جمع کراسکیں گے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر نظیم احمدکی دستخط سے جاری کردہ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ ان عازمین کو ۲؍ لاکھ ۷۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے ہیں۔ اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سےبھی عازمین کو فون کر کے اور میسیج بھیج کر مسلسل یاد دہانی کرائی جارہی ہے کہ وہ رقم جمع کرائیں تاکہ کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
اس کے علاوہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اگر کسی عازم کا حج پر جانے کا ارادہ نہ ہو تو وہ معقول وجہ بتاکرجلد سے جلد کینسل کرادے تاکہ ان کی جگہ دوسرے عازمین کو موقع مل سکےجو اپنی بار ی کے منتظر ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: ’’لائوڈ اسپیکر مذہبی طور پر لازمی نہیں ہے‘‘
تاریخ میں اب مزیدتوسیع نہیں ہوگی
مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اب تک ۳؍ مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔ اس لئے عازمین یہ ذہن نشین کرلیں کہ اب مزیدتوسیع نہیں کی جائے گی، ان کے لئے یہ آخر ی موقع ہوگا۔ اگر پھر بھی عازمین نے توجہ نہ دی توحج کمیٹی اپنے ضابطے کےتحت آگے کی کارروائی شروع کرے گی، پھر عازمین کے لئے شکایت کا موقع نہیں ہوگا۔
حج کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہےکہ’’ عازمین کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے رقم جمع کرانے کے لئے پہلے ۳۰؍دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، پھر مزیدسہولت فراہم کراتے ہوئے ۶؍ جنوری تک تاریخ میں توسیع کی گئی۔ اس کے بعد اب تیسری مرتبہ ۳۱؍جنوری تک توسیع کی گئی ہے۔ اس لئے عازمین اس پرسنجیدگی سے غورکریں ۔ ‘‘
۹۰۰؍سے زائدعازمین نے ایک بھی قسط جمع نہیں کرائی
ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر جہانگیر خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’عازمین کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی گئی تھی لیکن حیرت کی بات ہے کہ ریاست کے ۹۰۰؍ سے زائد ایسے عازمین ہیں جنہوں نے اب تک ایک بھی قسط جمع نہیں کرائی ہے۔ رقم جمع نہ کرانےکے سبب پروسیس متاثر ہوتا ہے اس لئے بار بار توجہ دلائی جارہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ اگر بالفرض کوئی ایسا عازم ہے جس کا کوئی مسئلہ ہے یا اسے کوئی معقول عذر درپیش ہے جس سےاس کاحج پر جانا مشکل نظر آرہا ہے تو بلاتاخیر وہ حج کمیٹی کومطلع کردے تاکہ اس کی جگہ پردوسرے عازم کوموقع مل سکے۔ اس لئےبھی کہ جتنی تاخیرہوگی اتنی دقت ہوگی۔ ‘‘انہوں نے مزید بتایاکہ ’’کچھ عازمین ایسے بھی ہیں جنہوں نے نصف رقم جمع کرائی ہے، ان سے بھی کہا جارہا ہے کہ وہ بقیہ رقم بلاتاخیر جمع کرادیں۔ اس لئے کہ اب مزید موقع نہیں دیا جائے گا، ویسے بھی کافی وقت گزر چکا ہے، لہٰذا عازمین ِ حج وقت اورتاریخ کاخیال رکھیں۔ ‘‘