• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ

Updated: June 14, 2024, 10:58 AM IST | Agency | Makkah Mukarramah

’’لبیک الھم لبیک‘‘ کی صدائیں بلند،عازمین منیٰ میں قیام کے بعد سنیچرکی صبح وقوف عرفہ کیلئےمیدان عرفات روانہ ہوں گے۔

Pilgrims on their way from Makkah to Mina. This photo was posted by an X account named `Harameen`. Photo: INN
عازمین حج مکہ مکرمہ سے منیٰ کی طرف جاتے ہوئے۔یہ تصویر ’حرمین‘ نامی ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ہے۔ تصویر : آئی این این

حج۲۰۲۴ءکیلئے ۵؍ روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز آج (جمعہ) ۱۴؍ جون۲۰۲۴ء سے ہوگا، لاکھوں عازمین حج منیٰ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔ رکن اعظم وقوف عرفات سنیچر ۱۵؍جون کو ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے لاکھوں عازمین حج ’’لبیک الھم لبیک‘‘ کی صدائیں بلند کرتے منی کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ قیام کے دوران عبادات کریں گے اور سنیچر ۱۵؍جون کی صبح وقوف عرفات کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔
 سنیچر کے روز عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی جب کہ مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے اور یہیں رات قیام بھی کریں گے۔اتوار۱۶؍ جون کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہوں گے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔ پھر حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔ حجاج کرام۱۶؍ جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے۔ ۱۷؍ جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔۱۸؍ جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: نیٖٹ میں ۱۵؍ سو طلبہ کو دیئے گئے اضافی نمبرمنسوخ

عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز
 سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ہلال احمر اتھاریٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔ وزیر صحت اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت کی جانب سے اُٹھایا جانے والا یہ اقدام حج۲۰۲۴ء کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ ایئرایمبولینس سروس مختلف مقامات پر مریضوں تک تیزی سے پہنچنے، ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی، اور مریضوں کو مختصر وقت میں صحت مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خطبہ حج ۵۰؍ زبانوں میں نشر کیا جائے گا
 میدان عرفات سے خطبہ حج۵۰؍ زبانوں میں نشرکیا جائے گا۔ایس پی اے کے مطابق سعودی حکومت نے امسال خطبہ حج اردو سمیت ۵۰؍ زبانوں میں ترجمہ کر کے نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کیلئے جنرل پریذیڈنسی نے اعلان کیا ہے کہ عرفات کے خطبے کا ترجمہ پروجیکٹ اب۵۰؍ زبانوں پر مشتمل ہوگا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی سرپرستی میں یہ اب تک کا سب سے بڑا ترجمہ پروجیکٹ ہوگا۔ خطبہ حج۵۰؍زبانوں میں ترجمہ کرکے نشر کرنے سے ایک ارب سے زائد سامعین اس سے مستفید ہوسکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK