• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ودربھ میں موسلا دھار بارش، فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان، کئی اضلاع کے لئے الرٹ

Updated: July 29, 2024, 5:09 PM IST | Ali Imran | Nagpur

بھنڈارہ ضلع میں واقع گھوسی کھرد ڈیم کے ’کیچمنٹ ایریا‘ میں سنیچر سےشدید بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر ڈیم کے تمام ۳۳ ؍گیٹ کھول دئیے گئے ہیں۔

SDRF team carrying out rescue operation in Gudchiroli. Photo: INN
گڈچرولی میں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بچاؤ کام کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

ودربھ کے بیشتر اضلاع بشمول ناگپور میں سنیچر کو ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوچکی ہے۔ جبکہ ۱۰؍ دنوں سے بعض علاقوں میں بارش کی شدت بدستور جاری ہے اور انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے بارش کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس بارش سے مشرقی ودربھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ کئی ندیوں میں طغیانی کے سبب ندیوں کے کنارے واقع دیہاتوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ 
ایوت محل، وردھا اور بھنڈارہ ضلع کو وارننگ
 محکمہ موسمیات نے ایوت محل ضلع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ دو دن کے وقفے کے بعد سنیچر کی صبح سے ہی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وجہ سے زرعی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور ندی نالوں کے کنارے واقع کئی دیہاتوں کو ضلع انتظامیہ نے الرٹ کر دیا ہے۔ اس دوران ضلع کے ارنی تعلقہ میں نالے کے سیلاب میں بیل گاڑی سمیت کسان کے بہہ جانے کی خبر ہے۔ ایسی ہی صورتحال وردھا ضلع میں ہے۔ وردھا میں جمعہ کی رات سے ہی بارش ہو رہی ہے۔ ضلع میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور بارش میں شدت کا اندیشہ ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کارنجہ، مانیک واڑا روڈ پر ساورڈوہ کے قریب کھڑک ندی پر پل کے اوپر سے پانی بہنے سے سڑک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شردپوار کاامیت شاہ پر حملہ، بی جے پی چراغ پا، لفظی جنگ چھڑگئی

بھنڈارہ ضلع کیلئے محکمہ موسمیات نے اورینج الرٹ کا اعلان کیا ہے اور بعض مقامات پر تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بھنڈارہ شہر اور دیہی علاقوں میں بھی کئی مقامات پر ہلکی و درمیانی درجہ کی بارش ہو رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے سے یہاں  موسلادھار بارش کا سلسلہ برقرار ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔ ندی نالے سیلابی کیفیت میں بہہ رہے ہیں اور کئی مقامات پر کھیتوں میں پانی جمع ہوجانے سے ضلع میں بڑی مقدار میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اسی طرح بھنڈارہ ضلع میں گھوسی کھرد ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں شدید بارش کی وجہ سے سنیچر کی صبح ایک بار پھر ڈیم کے تمام ۳۳ ؍گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔ ۷ ؍ گیٹ ایک میٹر اور ۲۶؍گیٹ آدھے میٹر تک کھولے گئے۔ اس وقت ڈیم سے ایک لاکھ ۵۵؍ ہزار ۵۵۹؍کیوبک میٹر پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ 
سیلاب میں پھنسے ۸۰؍افراد کو بچایا گیا
  کھیتوں میں کام کرنے گئے مزدور گڈچرولی تعلقہ کے چاندالا گاؤں کے قریب نالہ کے سیلاب میں پھنس گئے تھے، ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے ریسکیو آپریشن کیا اور کل ۵۹؍افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔ اس میں ایک نابینا شخص بھی شامل تھا۔ ایک اور واقعہ میں سیلاب میں پھنسی ہوئی دو خواتین کو بحفاظت گڈچرولی اسپتال لایا گیا۔ اطلاع کے مطابق ضلع کے مختلف مقامات پر سیلاب کی وجہ سے پھنسے ۸۰؍سے زائد لوگوں کو این ڈی آر ایف کی ٹیم نے محفوظ مقام پر پہنچایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK