• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہیلی کاپٹرحادثہ: مہلوکین کی اجتماعی نماز جنازہ تہران میں ادا کی جائیگی

Updated: May 22, 2024, 11:42 AM IST | Agency | Tehran

منگل کو میتیں مشرقی آذربائیجان صوبے سے تبریز شہر میں شہدا اسکوائر سے موصلہ لائی گئیں، نماز جنازہ اور تدفین کیلئے ملک میں بدھ کو عام تعطیل رہےگی۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ کچھ کی تدفین تہران میں اور باقی کی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں کی جائے گی۔ صدر رئیسی کی تدفین مشہد میں عمل میں آئے گی۔

When the bodies were brought from Azerbaijan to the city of Tabriz, thousands of people had gathered on the occasion. Photo: Inquilab
آذربائیجان سے تبریز شہر میں جب میتوں کو لایا گیا تو ہزاروں افراد اس موقع پر اکھٹاہوگئے تھے۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونیوالے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت۸؍افراد کی تجہیز و تدفین اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی جانے والی یادگاری تقریبات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق عبوری صدر محمد مخبر نے اعلان کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ بدھ کے روزتہران میں ادا کی جائے گئی۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین کیلئے بدھ کے روز ملک گیر سطح  پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام تعلیمی امتحانات اس ہفتے کے آخر تک ملتوی رہیں گے اور نئی تاریخ کا اعلان وزارت تعلیم جلد ہی کرے گی۔ اجتماعی نماز جنازہ بدھ کو تہران میں ہوگی لیکن اس سے قبل منگل کے روز میتیں مشرقی آذربائیجان صوبے سے تبریز شہر میں شہدا اسکوائر سے موصلہ لائی گئیں۔ اس کے بعد شہر قم میں منگل کی شام حضرت معصومہ کے روضہ مبارک سے مسجد جمکران تک میتوں کو جلوس کی شکل میں لے جایا گیا۔ بعدازیں شہداء کے جسد خاکی کو منگل کی رات تہران میں امام خمینی کے مزار پر الوداعی سلام کے لئے لایا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج کی غزہ میں ظالمانہ کارروائی،۱۰۶؍ فلسطینی شہید،۱۷۶؍ زخمی

ایران کی سرکاری ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ہی میتوں کو تہران یونیورسٹی سے آزادی اسکوائر کی طرف جلوس کی صورت میں لایا جائے گا اور روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ نماز جنازہ کے بعد کچھ کی تدفین تہران میں اور باقی کی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں کی جائیں گی۔ بدھ کی شام ہی اعلیٰ غیر ملکی معززین کی موجودگی میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب ہوگی۔ جمعرات کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی میت ان کے آبائی علاقے مشہد لائی جائے گی جہاں دوبارہ نماز جنازہ ہوگی اور پھر وہیں سپرد خاک کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں ۵؍ روزہ قومی سوگ منایا جا رہا ہے جس کے دوران تمام سرکاری سرگرمیاں معطل اور پرچم سرنگوں رہیں گے۔ ایران کے نائب صدر محسن منصوری نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کی تدفین جمعرات کو شمال مشرقی شہر مشہد میں ہوگی۔ ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع ایرانی نائب صدر کے حوالے سے دی۔ منصوری نے کہا کہ مختلف صوبوں میں لوگوں کی سوگ کی تقریب میں شرکت کی مسلسل درخواستوں کے پیش نظر ایرانی وزارت تعلیم نے منگل سے جمعہ تک تمام طلباء کے امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے پیر کو اس واقعے پر پانچ روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ صدر رئیسی اتوار کی صبح جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کے لئے مشرقی آذربائیجان صوبے کے دورے پر تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب صدر رئیسی واپس آرہے تھے اور گھنے کہرےکے باعث ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی۔ رئیسی کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اراکین اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK