• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہیمنت سورین آج جھارکھنڈ اسمبلی میں تحریک اعتماد پیش کریں گے

Updated: July 08, 2024, 2:51 PM IST | Agency | Ranchi

وزیراعلیٰ ہیمنت سورین آج اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے ایوان میں آئیں گے، اسمبلی کا خصوصی اجلاس صبح ۱۱؍بجے بلایا گیا ہے۔

Hemant Soren. Photo: INN
ہیمنت سورین۔ تصویر : آئی این این

جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج( پیر کو) منعقد ہوگا جس میں ہیمنت سورین حکومت ایوان میں تحریک اعتماد پیش کرے گی۔ ایوان میں اکثریت ہیمنت سورین حکومت کے حق میں ہے اوریہ حکومت آسانی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لے گی۔ یادرہےکہ ۵؍ ماہ قبل۳۱؍ جنوری کو ہیمنت سورین کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا اور اس وقت انہوں نے ریاست کی باگ ڈور چمپئی سورین کو سونپ دی تھی۔ ہیمنت سورین جب ہائی کورٹ سے۲۸؍ جون کو ضمانت ملنے کے بعد باہر آئے تو کسی کو یہ امید نہیں تھی کہ وہ صرف چار-پانچ مہینوں کے لئے وزیراعلیٰ بننے کی جلدی کریں گے۔ انڈیا بلاک کے ایم ایل ایز کا یہ بھی خیال تھا کہ اگر چمپئی سورین پارٹی لائن سے ہٹ کر کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں تو انہیں بدلنے کا کوئی جواز نہیں تھا لیکن ہیمنت سورین نے اپنی رہائش گاہ پر انڈیا بلاک کے ایم ایل ایز کی ہنگامی میٹنگ بلالی۔ میٹنگ میں ہیمنت سورین کو لیڈر منتخب کیا گیا اور چمپئی سورین سے استعفیٰ دینے کو کہا گیا۔ چمپئی سورین کے استعفیٰ اور ہیمنت سورین کے دعوے کے درمیان گورنر نے ہیمنت سورین کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔ ہیمنت نے جلد بازی میں گورنر سے۴؍ جولائی ہی کوحلف لینے کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھئے: سورت :۶؍ منزلہ عمارت کے گرنے سے۷؍ افراد ہلاک

شام تک انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف بھی لے لیا۔ ہیمنت سورین نے وزیر اعلی کے طور پر حلف تو لے لیا لیکن وزیر کے طور پر کسی کو حلف نہیں دلایا۔ اس کے پیچھے وزیر بننے کی امید رکھنے والے ایم ایل اے میں ناراضگی کا شک تھا۔ چمپئی سورین کی کابینہ میں دو سیٹیں خالی تھیں۔ ایک تو پہلے سے ہی خالی چل رہی تھی، بعد میں عالمگیر عالم کی گرفتاری اور ان کے استعفیٰ کے بعد ایک اور سیٹ خالی ہوگئی۔ کانگریس اور جے ایم ایم کے کئی ایم ایل اے وزیر بننے کی بے تابی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ ان میں جامتاڑا کے ایم ایل اے ڈاکٹر عرفان انصاری بھی ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ ہیمنت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے پہلے کابینہ کی تشکیل کا کام ملتوی کر دیا۔ وزیراعلیٰ ہیمنت سورین آج اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے ایوان میں آئیں گے۔ اس کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس صبح ۱۱؍بجے بلایا گیا ہے۔ اعتماد کا ووٹ ختم ہونے کے بعد ہیمنت کی کابینہ میں بھی توسیع کی جائے گی۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کس کو کابینہ میں جگہ دی جاتی ہے؟پوری امید ہے کہ پرانی کابینہ ہی کو بحال کرلیاجا ئے گا۔ جو دو عہدے خالی ہیں، ان پر کسے بٹھایا جائے گا؟اس سلسلے میں کچھ واضح نہیں  ہے۔ اسمبلی میں اراکین کی تعداد کے لحاظ سے ہیمنت سورین کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ کل۸۲؍ رکنی والی اسمبلی میں چار ایم ایل ایز کے ایم پی کے طور پر منتخب ہونے اور سیتا سورین کے استعفیٰ کے بعد ایم ایل ایز کی تعداد۷۷؍ رہ گئی ہے۔ اس میں ایک رکن تو اسپیکر کے کردار میں ہوں گے یعنی۷۶؍ ایم ایل اے کے درمیان ہی تحریک اعتماد پیش ہوگی۔ اعتماد کے ووٹ کیلئے۳۹؍ ایم ایل ایز کی حمایت ضروری ہے۔ جے ایم ایم کے زیرقیادت انڈیا اتحاد کے پاس فی الحال۴۷؍ ایم ایل اے ہیں، جبکہ این ڈی اے میں صرف ۳۰؍ایم ایل اے ہیں۔ اس لئے ہیمنت سورین آسانی سے اعتماد کا ووٹ جیت سکتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ جے ایم ایم کے ممبران اسمبلی چمرا لنڈا اور لوبن ہیمبرم کو پارٹی نے معطل کر دیا ہے۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ ایوان میں ان کا کیا موقف ہوگا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK