حکومت کو ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور بیکریوں میں لکڑیوں کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مشورہ دیا ۔
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 7:43 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
حکومت کو ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور بیکریوں میں لکڑیوں کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مشورہ دیا ۔
شہر و مضافات اور اطراف شہروں میں بڑھتی فضائی آلودگی سے شہریوں کی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں بامبے ہائی کورٹ نے فکر مندی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے جہاں متعلقہ محکموں سے سوال کیا کہ کیا شہریوں کو آلودگی کے مسائل کے ساتھ ہی زندگی گرنا پڑے گا ؟ اس نے شہر کو آلودگی سے پاک کرنے سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات میں مزید اضافہ کے ساتھ ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور بیکریوں میں لکڑی کے استعمال کو مرحلہ وار بند کرنے کی کارروائیوں کو تیزکرنے کی بھی ہدایت دی ۔
یہ بھی پڑھئے: اساتذہ نے خراب راستہ درست کرنے کیلئے طلبہ کو کام پر لگا دیا
ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس امیت بورکر نے کہا کہ گزشتہ سال دیوالی سے لے کر اب تک شہر میں ہوا کے بگڑتے معیار پر مہاراشٹر پولیوشن بورڈ، بی ایم سی اور دیگر متعلقہ محکمے کوششوں کے باوجود اس پر قابو نہیں پاسکے۔ کورٹ نے بڑھتی فضائی آلودگی اور اس کی وجہ سے شہریوں کو در پیش طبی مسائل کے تعلق سے فراہم کردہ اطلاع پر فکر مندی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سڑکیں دھونے، تعمیراتی جگہوں پرقانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کرنے کے ساتھ اب ایک قدم اور آگے بڑھانا ضروری ہے۔ ‘‘
چیف جسٹس نے شہر میں ہوا کے معیار کے بگڑنے کی ایک وجہ سی این جی اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور لکڑی والی بھٹیوں اور بیکریوں کو بھی قرار دیا۔ کورٹ نے حکومت، بی ایم سی اور مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کو بھٹیوں اوربیکریوں میں لکڑی کے استعمال پر پابندی عائد کرنے اور اسے مرحلہ وار ختم کرنے کی ہدایت دی نیز سی این جی اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو بھی مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔ شنوائی کے دوران کورٹ کے مدد گار کی حیثیت سے منتخب کئے جانے والے سینئر وکیل ڈیورس نے کورٹ کو بتایا کہ شہر میں تعمیراتی پروجیکٹوں اور سڑک پر دھول کے علاوہ بھٹیوں اور بیکریوں میں لکڑیوں کے استعمال سے پیدا ہونا والا دھواں بھی آلودگی کا بہت بڑا سبب ہے۔ بی ایم سی کے سینئر وکیل ملند ساٹھے نے کورٹ کو بتایا کہ ’’شہری انتظامیہ نے لکڑی اور کوئلہ کا استعمال کرنے والی بھٹیوں اور بیکریوں کو نوٹس جاری کر چکا ہے۔