• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’تاریخ منموہن سنگھ پر ملامت نہیں بلکہ فخر کرے گی‘‘

Updated: December 28, 2024, 9:29 AM IST | Mumbai

راج ٹھاکرے نے سابق وزیراعظم کا بیان یاد دلایا، ایکناتھ شندے نے دور اندیش لیڈر قرار دیا تو اجیت پوار نے مہذب انسان بتایا، فرنویس نے گہرےرنج کا اظہار کیا۔

Most of the decisions of the Manmohan Singh government were extraordinary. (file photo)
منموہن سنگھ حکومت کے بیشتر فیصلے غیر معمولی تھے۔ ( فائل فوٹو)

بق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی وفات پر مہاراشٹر کی تقریباً تمام اہم شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مہاراشٹر  نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ ’’ منموہن سنگھ نے خاموش رہ کر وہ کر دکھایا   جو دوسروں نے بولنے کے باوجود نہیں کیا۔‘‘ راج ٹھاکرے نے  اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ  پر ایک آرٹیکل کی شکل میںمنموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ۱۹۹۱ء میں جب منموہن سنگھ کو وزیر مالیات بنایا گیا تو ملک کی معیشت کا حال خستہ تھا۔  انہوں نے آتے ہی معیشت کے پائوں میں پڑی ان بیڑیوں کو کاٹ دیا جو کانگریس کی گزشتہ حکومتوں نے باندھ رکھی تھیں۔ وہ پہلے وزیر مالیات تھے جنہوں نے گلوبلائزیشن کی پالیسی کو قبول کیا ۔ جب اس کی مخالفت ہوئی تو انہوں نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کہا ’’ دنیا کی کوئی طاقت اس تبدیلی کو روک نہیں سکتی جس کے وقوع ہونے کا وقت آ چکا ہو۔‘‘ راج ٹھاکرے نے منموہن سنگھ کا ایک اور قول یاد دلایا جب  وہ وزیراعظم تھے اور اپوزیشن کے ساتھ میڈیا زور وشور سے ان پر تنقیدیں کر رہا تھا ۔ ایسے وقت میں منموہن سنگھ نے کہا تھا ’’ میں  اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ میں ایک کمزور وزیراعظم ہوں۔ میں پوری ایمانداری کے ساتھ اس بات پر یقین کرتا ہوں کہ جن معاملات پر اپوزیشن اور ہم عصر میڈیا مجھ پر تنقیدیں کر رہے ہیں، تاریخ ان معاملات پر ہمدردی کے ساتھ میرا تذکرہ کرے گی۔‘‘  راج ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ تاریخ کبھی منموہن سنگھ پر ملامت نہیں کرے گی بلکہ ان پر فخر کرے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: مروان عبدالحمید (سینٹ لیونٹ) مانچسٹرمیں، موسیقی کے ذریعے فلسطین کا پیغام عام کیا

’’ ہم سب گہرے صدمے میں ہیں‘‘ 
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سابق وزیر اعظم کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ’’ہم سب منموہن سنگھ کی موت کے سبب گہرے صدمے میں ہیں ۔ انہوں نے بطور آر بی آئی گورنر، بطور وزیر مالیات اور بطور وزیر اعظم  اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کیا۔ خاص کر ان کی  معیشت کو نئی سمت  عطا کرنے کیلئے کی گئی جدوجہد کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ ‘‘ دیویندر فرنویس نے کہا ’’  ان کا چلے جانا ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان  ہے ۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کی روح کی تسکین کیلئے دعا کرتاہوں۔ ‘‘  
’’ان کی شناخت ایک دوراندیش  لیڈر کے طور پر ر ہے گی‘‘
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منموہن سنگھ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’  ملک کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ پہلے مرکزی وزیر مالیات ، پھر بطور وزیراعظم ان کی شناخت ہمیشہ ایک دور اندیش لیڈر کے طور پر قائم رہے گی۔ ‘‘ شندے نے کہا ’’ انہوں نے کئی انقلابی فیصلے کئے جن سے ملک کی ترقی کو رفتار ملی اور معیشت کیلئے کئی نئی راہیں کھلیں ۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’  وہ بے حد سادہ، سیدھے اور خاموش طبیعت انسان تھے، منموہن سنگھ کو عالمی سطح پر بطور ماہر اقتصادیات شہرت حاصل تھی۔ ان کی موت سے  ہم نے ایک حکمت ساز ، ایک ذہین ماہر اقتصادیات اور  سیاسی لیڈر کھو دیا ہے۔‘‘ 
’’ وہ مکمل طور سے مہذب انسان تھے‘‘
مہاراشٹر کے دوسرے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے منموہن سنگھ کو مکمل طور پر ایک  مہذہب انسان قرار دیا  ہے۔ اجیت پوار نے کہا ’’ مجھے منموہن سنگھ کی موت کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ وہ مکمل طور پر ایک مہذب انسان تھے۔ ان کی دور اندیشی ملک کی معاشی ترقی کیلئے ایک نیا موڑ ثابت ہوئی۔ اس مشکل وقت میں میری ہمدردی اور دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ‘‘ 
’’ان کی ملاقات  کا اثر  تا عمر ساتھ رہے گا‘‘
شیوسینا (ادھو) کے نوجوان رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ان سے ایک ہی  بار ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی تھی جسکا اثر تاعمر میرے ساتھ رہے گا۔ ایک   وزیراعظم کو باوجود تمام تر کامیابیوں کے کس طرح منکسر ہونا چاہئے ، یہ انہیں دیکھ کر معلوم ہوا ۔ ۹۰؍ کی دہائی میں پیدا ہونے والے میرے جیسے نوجوانوں کیلئے ہر دن ایک نئی ترقی سامنے کھڑی تھی، دنیا اپنے گھر سے قریب نظر آ رہی تھی ، یہ سب ان کی دور اندیشی کا نتیجہ تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK