• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہرادون میں اندوہناک سڑک حادثہ، ٹرک اور کار میں تصادم، ۶؍افراد کی موت

Updated: November 12, 2024, 12:05 PM IST | Dehradun

اتراکھنڈ کے دہرادون میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو ایک کنٹینر ایک کار سے ٹکرا گیا جس میں کار میں سفر کر رہے تین نوجوانوں اور تین لڑکیوں سمیت کل چھ لوگوں کی موت ہو گئی۔ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کار میں سوار تمام مسافر طلبہ تھے۔

The severity of the accident can be estimated from this picture. Photo: PTI.
اس تصویر سے حادثے کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

اتراکھنڈ کے دہرادون میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ایک کنٹینر ایک کار سے ٹکرا گیا جس میں کار میں سفر کر رہے تین نوجوانوں اور تین لڑکیوں سمیت کل چھ لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد پولیس پہنچی اور بڑی مشکل سے کار میں پھنسی لاشوں کو باہر نکالا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اجے سنگھ نے منگل کو بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ بجے رات میں کینٹ پولیس اسٹیشن کو میٹروپولیس کے او این جی سی چوک کے قریب ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے اطلاع ملی۔ پولیس فورس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ایک کنٹینر اور ایک انووا کار حادثے کا شکار پائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹینر کے پچھلے حصے سے ٹکرانے کے بعد کار مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے۔ جس میں کل۷؍ افراد سوار تھے جن میں سے۶؍ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی حالت میں پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ موقع پر موجود تمام چھ افراد کو۱۰۸؍ کے ذریعے کورونیشن، دون اور اندریش اسپتال کے مردہ خانہ میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ زخمی شخص کی حالت نازک ہے، اسے علاج کیلئے سنرجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: وقف ترمیمی بل کیخلاف دہلی مارچ اور شدید احتجاج کی تیاری

ایس ایس پی نے بتایا کہ مذکورہ کنٹینر کشن نگر چوک سے آرہا تھا اور انووا بلو پور چوک سے دہرادون کی طرف آرہی تھی۔ کشن نگر چوک کے قریب کنٹینر کی کراسنگ کے دوران، انووا ڈرائیور رفتار کا اندازہ لگانے میں ناکام رہا اور سوچا کہ کنٹینر پورا نکلنے کے بعد وہ آرام سے کراس ہوجائے گا۔ اس جلد بازی میں انووا گاڑی کراس کرتے ہوئے کنٹینر کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں گنیت (۱۹)، کنال ککریجا (۲۳)، رشبھ جین(۲۴ )، نویا گوئل( ۲۳ )، اتل گروور (۲۴)، کاماکشی(۲۰ ) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ سدھیش اگروال( ۲۵ ) کو زخمی حالت میں سنرجی اسپتال بھیجا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار میں سوار تمام مسافر طلبہ تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بہرائچ فساد زدگان کے گھروں پر بلڈوزر کارروائی پر روک برقرار، ۱۸؍ نومبر تک راحت

ایس ایس پی سنگھ نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ کشن نگر چوک پر پیش آئے مذکورہ افسوسناک حادثے میں ۶؍ نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ یہ ہم سب کیلئے انتہائی افسوسناک ہے کہ ایسے نوجوانوں کی جو ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں، ایسے حادثات میں بے وقت موت ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دون پولیس مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر حادثہ کی وجہ تیز رفتاری معلوم ہوتی ہے۔ دون پولیس تمام نوجوانوں سے اپیل کرتی ہے کہ مہربانی کرکے جوش میں تیز رفتاری سے گاڑی نہ چلائیں۔ آپ کی زندگی آپ کے خاندان کے ساتھ ساتھ ملک کیلئے بھی اہم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK