• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میں نے زیلنسکی سے یوکرین میں جنگ ختم کرانے کا وعدہ کیا ہے: ٹرمپ

Updated: July 21, 2024, 11:04 AM IST | Agency | Washington

ٹرمپ نے’ ٹروتھ سوشل‘ پلیٹ فارم پر لکھا ’’آئندہ صدر بننے پر میں دنیا میں امن لاؤں گا اور اس جنگ کو ختم کر دوں گا جو بہت سی جانیں لے چکی ہے۔‘‘

Presidential candidate Donald Trump. Photo: INN
صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر : آئی این این

سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے صدر لادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور ان سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ وہائٹ ہاؤس میں واپس آ گئے تو یوکرین اور روس کے درمیان جنگ ختم کرا دیں گے۔ ٹرمپ نے’ ٹروتھ سوشل‘ پلیٹ فارم پر لکھا کہ امریکہ کا آئندہ صدر بننے پر میں دنیا میں امن لاؤں گا اور اس جنگ کو ختم کر دوں گا جو بہت سی جانیں لے چکی ہے۔ ‘‘
 دوسری جانب یوکرین کے صدر نے مذکورہ ٹیلی فون کال وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زیلنسکی نے اس موقع پر ارب پتی ٹرمپ کو سرکاری طور پر ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اس بات پر اتفاق رائے ہو گیا کہ ہم براہ راست ملاقات میں اُن اقدامات پر بات چیت کریں جو یوکرین میں ایک منصفانہ اور مستقل امن کیلئے لازمی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی آبادکاری کیخلاف عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم

یوکرین کے صدر نے سنیچر کو پنسلوینیا میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت بھی کی۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نے۲۷؍ جون کو صدارتی مباحثے کے دوران میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات جیتنے کی صورت میں ۲۴؍ گھنٹے کے اندر یوکرین میں جنگ ختم کرا سکتے ہیں۔ انھوں نے یوکرین کے دفاع پر خرچ کی جانے والی اربوں ڈالر کی امداد پر تنقید بھی کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کے ذریعے نہیں جیت سکتا۔ 
 جو بائیڈن کی زیر قیادت امریکہ کیف حکومت کو فوجی امداد فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ البتہ ٹرمپ کی جیت مستقبل میں کسی بھی امداد کو خطرے میں ڈال سکتی ہے اور جنگ کے میدان میں یوکرین کی پوزیشن کمزور کر سکتی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ یوکرین میں جنگ ختم کرانے کے حوالے سے ٹرمپ کے تبصرے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں تاہم وہ اس تجویز کی تفصیلات نہیں جانتے۔ 
 ادھر زیلنسکی نے ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ جنگ کو جلد ختم کرانے کے حوالے سے اپنا منصوبہ ظاہر کریں۔ زیلنسکی نے خبردار کیا کہ ایسی کسی بھی تجویز سے گریز کیاجانا چاہئے جس سے ان کے ملک کی خودمختاری متاثر ہو۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے روس کے بارے میں بعض بیانات نے یوکرین کی تائید کرنے والے کئی مغربی ممالک میں غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔ اس میں ۲۰؍ جون کو دیا گیا بیان بھی شامل ہے جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحاد میں یوکرین کی شمولیت کو مسترد کرنا روس کا حق ہے۔ 
 یوکرین کے صدر زیلنسکی کا کہنا ہےکہ ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو وہ فوری طور پر روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کو ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ جو بائیڈن کے بجائے موجودہ امریکی صدر ہوتے تو یوکرین میں تنازع کبھی شروع نہ ہوتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK