عام شہریوں کے علاوہ کالج اور اسکول کے طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت۔ سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل نمائش۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 12:14 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
عام شہریوں کے علاوہ کالج اور اسکول کے طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت۔ سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل نمائش۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) بامبے کےسہ روزہ سالانہ سائنس اور ٹیکنالوجی فیسٹیول کا منگل کو شاندار آغاز ہوا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی عام شہریوں کے علاوہ کالج اور اسکول کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میلہ کے شرکاء نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز مقررین کےتجربات سے استفادہ کیا۔ یہاں کی نمائشوں، ایجادات، ای اسپورٹس ٹورنامنٹس، روبوٹ اور ڈرون شوز سے لطف اندوز ہوئے۔
ٹیک فیسٹ میں حصہ لینے والی گلوبل انوویٹراولمپیاڈ کمپنی کے بزنس ڈیولپمنٹ ایگزیکٹیو ریان شیخ نے بتایا کہ ’’ٹیک فیسٹ کے پہلے دن آئی آئی ٹی بامبےمیں کافی مجمع رہا۔ عام شہریوں سے قطع نظر کالج کےطلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان میں ٹیک فیسٹ سے متعلق انتہائی جوش وخروش دکھائی دیا۔ طلبہ نےجدید ٹیکنالوجیز، اسٹارٹ اپس، تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبوں کے اہم پروجیکٹوں، ہیومنائیڈ روبوٹ اور برین کمپیوٹر کے علاوہ دیگر جدید اختراعات پر مشتمل پروجیکٹ کی نمائش بڑی گرمجوشی اور دلچسپی کےساتھ دیکھی۔ مختلف قسم کے روبوٹکس سرگرمیوں سے لطف اُٹھایا۔ جدید ترین گیمنگ سیٹ اپ سے بھی خوب محظوظ ہوئے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:وقف ہمارا مذہبی معاملہ،ترمیمی بل کسی بھی صورت قبول نہیں: مولانا ارشد مدنی
ٹیک فیسٹ کادورہ کرنے والے ماڈرن اسکول (واشی ) کے طلبہ نے کہا کہ ’’یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔ حیرت انگیز ایجادات دیکھنے کا موقع ملا۔ جاپان کے روبوٹ کو دیکھنے کےساتھ اس کی سرگرمیوں کو دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی۔ جدید سائنس اور ٹیکنالوجیزپر مشتمل اہم پروجیکٹوں کی نمائش، بائیک، سائیکلسٹ اورفائر آرٹسٹ کی کارکردگی نے بھی بہت متاثرکیا۔ ‘‘
چمبور کے سینٹ انتھونی اسکول کے طلبہ بھی یہاں موجود تھے۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ ’’میلے کی ساری سرگرمیاں معلومات میں اضافہ کرنے والی ہیں۔ نئے ایجادات کو دیکھ کر بڑی حیرت اور خوشی ہوئی۔ روبوٹ اور ڈرون شوز کے علاوہ یہاں ہونے والے الگ الگ مقابلے بھی بہت دلچسپ تھے۔ ‘‘
واضح رہےکہ مذکورہ میلہ جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراعی سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔ طلبہ اس سنہری موقع سے اپنےعلم میں اضافہ کرسکتےہیں۔ کالج اور اسکول کے طلبہ بڑی تعداد میں یہاں کادورہ کررہےہیں۔
جوگیشوری میں واقع مدنی اُردو ہائی اسکول کے پرنسپل عامر انصاری نے ٹیک فیسٹ سے متعلق کہاکہ ’’ بدھ کو ہمارے اسکول کے طلبہ ٹیک فیسٹ کا دورہ کریں گے۔ طلبہ آئی آئی ٹی بامبے میں میلہ دیکھنے کے تعلق سے بہت پُرجوش ہیں۔ طلبہ نے میلہ میں جانےکی ساری تیاری مکمل کرلی ہے۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ٹیک فیٹ کے تعلق سے منگل کو اسکول میں ہم نے ایک میٹنگ کی تھی جس میں طلبہ کو بتایاگیاکہ انہیں میلہ میں کس طرح شرکت کرنی ہے؟ ساتھ ہی یہاں ہونےوالی سرگرمیوں سے کیسے استفادہ کرناہے؟‘‘