• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

احمد آباد میں۱۲۰۰؍ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی غیر معینہ ہڑتال

Updated: September 03, 2024, 12:49 PM IST | Agency | Ahmedabad

مشاہرے میں اضافے کا مطالبہ، ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کا ہڑتال کے دورا ن مناسب حل نہ نکلنے تک ٹراما کیئر، ایمرجنسی اور او پی ڈی کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان۔

Resident doctors protesting for increase in salary in Ahmedabad. Photo: INN
احمد آباد میں مشاہرہ میں اضافے کیلئے ریزیڈنٹ ڈاکٹر احتجاج کرتےہوئے۔ تصویر : آئی این این

احمد آباد سول اسپتال کے تقریباً۱۲۰۰؍ ریزیڈنٹ ڈاکٹر مشاہرہ میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کو غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے گئے۔ ہڑتال کے پیش نظر افسران کی جانب سے متبادل انتظامات کئے جانے کے باوجود خدمات متاثر ہوئیں۔ اس دوران مریضوں اور لواحقین کو علاج معالجہ میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ 
 ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہڑتال کے دوران ٹراما کیئر، ایمرجنسی اور او پی ڈی کا اس وقت تک بائیکاٹ کریں گے جب تک کہ کوئی مناسب حل نہیں نکل جاتا۔ ان کے مطابق ریاستی محکمہ صحت نے ہر ۳؍ سال بعد مشاہرہ میں ۴۰؍ فیصد اضافہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ اضافہ یکم اپریل سے نافذ ہونا تھا لیکن جولائی تک اس پر عمل نہیں کیا گیا جس کے بعد ہم نے ریاستی وزیر صحت رشی کیش پٹیل سے ملاقات کی۔ بی جے میڈیکل کالج کی جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر دھول گمیتی نے کہا کہ ہم نے اس مطالبے کو ماننے کی یقین دہانی کے بعد اپنی ہڑتال ملتوی کر دی تھی۔ اب ہم غیر معینہ ہڑتال پر جانے پر مجبور ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ریاستی حکومت نے صرف۲۰؍ فیصد کا اضافہ کا کیا ہے۔ دھول گمیتی نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت نے اب کہا ہے کہ مشاہرے پر۳؍ سال کے بجائے ہر ۵؍ سال بعد نظر ثانی کی جائے گی۔ یہ قابل قبول نہیں کیونکہ اس طرح حکومت وعدہ خلافی کررہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی پہلی سیمی کنڈکٹر چپ ۲۰۲۵ء تک آئیگی

عوام کی مشکلات میں اضافہ
 ا حمدآباد کےڈاکٹروں کی اس ہڑتال سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک شخص نے بتایا کہ وہ راجکوٹ سے اپنے رشتہ داروں کو ’پیلیا‘ کے علاج کیلئے احمدآبادلایا تھا لیکن اسے پتہ چلا کہ وہاں ڈاکٹر نہیں ہیں۔ مریض کے ساتھ موجود تیمار دار سے پہلے یہ کہا گیا کہ اسے کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑے گا اور پھر کہا گیا کہ اگلے دن آنا پڑے گا۔ ہڑتال کے بعد کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے سول اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ رجنیش پٹیل نے کہا کہ فی الحال۱۳۰؍ میڈیکل آفیسر ڈیوٹی پر ہیں۔ 
وزیر صحت کی ڈاکٹروں کے مطالبات پر تنقید 
 دریں اثناء ریاستی وزیر صحت رشی کیش پٹیل نے ایک بیان میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کیلئے مشاہرہ میں ۴۰؍ فیصد اضافے کے مطالبے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یکم ستمبر سے ۲۰؍ فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 وزیر صحت کا دعویٰ
  رشی کیش پٹیل نے دعویٰ کیا کہ گجرات کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو دیا جانے والامشاہرہ ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ اس اضافے کے ساتھ اب ڈاکٹروں کو تقریباً۱ء۳۰؍ لاکھ روپے ماہانہ مشاہرہ ملے گا۔ کئی ریاستوں میں مشاہرہ۴۰؍ ہزار روپے سے ۷۰؍ ہزار روپے ماہانہ تک ہے۔ اس کے علاوہ یہ مشاہرہ مکمل طور پر ٹیکس فری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK