وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میںالائنس کا شاندارمظاہرہ ، راہل گاندھی او ر کھرگے نے اسے’ جل ،جنگل، زمین‘ کی جیت قراردیا، عوام کا شکریہ ادا کیا۔
EPAPER
Updated: November 24, 2024, 10:47 AM IST | Agency | Ranchi
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میںالائنس کا شاندارمظاہرہ ، راہل گاندھی او ر کھرگے نے اسے’ جل ،جنگل، زمین‘ کی جیت قراردیا، عوام کا شکریہ ادا کیا۔
جھارکھنڈ کے انتخابات میں ہیمنت سورین کی قیادت میں`’انڈیا اتحاد‘ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اتحاد نے ریاست کی ۸۱؍ سیٹوں میں۵۶؍ سیٹیںجیت کر اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے۳۴؍ اور کانگریس نے ۱۶؍ سیٹیں جیتی ہیں، آر جے ڈی کو۴؍ سیٹیں ملی ہیں جبکہ سی پی ایم - سی پی آئی نے ۲؍ سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی این ڈی اے اتحاد کو جھارکھنڈ انتخابات میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ این ڈی اے کیلئے بی جے پی نے۲۱؍ سیٹیں جیتیں، اے جے ایس یو، جے ڈی یو اور ایل جے پی رام ولاس نے ایک ایک سیٹ جیتی ۔ جھارکھنڈ انتخابات میں مجموعی طور پر این ڈی اے کو۲۴؍ سیٹیں ملی ہیں۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ریاست میں اگلی حکومت ہیمنت سورین کی قیادت میں کس دن بنے گی۔اس الیکشن میں حیران کن نتائج بھی سامنے آئے۔ جھارکھنڈ حکومت میں وزیر رہنے والے متھلیش ٹھاکر کو اپنی سیٹ پر ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ جے ایل کے ایم کے صدر جے رام کمار مہتو نے جو پہلی بار اسمبلی انتخابات لڑ رہے ہیں، شاندار جیت درج کی۔ انہوں نے ڈمری سیٹ سے بیبی دیوی کو شکست دی۔ ساتھ ہی جھارکھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امر کمار بوری کو بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انہیں جے ایم ایم کے اماکانت راجک نے شکست دی ۔اے جے ایس یو کے سپریمو سدیش مہتو سلی سیٹ سے ہار گئے۔
یہ بھی پڑھئے:بی جے پی اتحاد کی فتح کا مطلب دھاراوی میں اڈانی کیلئے راحت کی سانس
ان بڑے ناموں نے جیت درج کی
اس الیکشن میں کئی اہم لیڈروں نے کامیابی حاصل کی۔ برہیٹ سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آسانی سے جیت گئے۔ ان کی اہلیہ کلپنا سورین کا بی جے پی کی منیا دیوی سے سخت مقابلہ رہا لیکن آخر میں کلپنا سورین کامیاب رہیں۔ چمپئی سورین نے سرائیکلا سے کامیابی حاصل کی۔ سریو رائے نے جمشید پور ویسٹ سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے وزیر بنا گپتا کو شکست دی۔ اس کے علاوہ رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو، ارجن منڈا کی بیوی میرا منڈا بھی الیکشن جیت گئیں۔
غور طلب ہے کہ ہیمنت سورین اور کلپنا سورین کو اس جیت کا لیڈر تصور کیا جا رہا ہے۔ ان دونوں لیڈروں نے جے ایم ایم کے ساتھ ساتھ انڈیا اتحادکیلئے انتخابی مہم کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی اور اسے عمدہ طریقے سے نبھایا۔ ہیمنت سورین اور کلپنا سورین نے مل کر جے ایم ایم کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ کانگریس اور آر جے ڈی کے امیدواروں کیلئے ۲۰۰؍ سے زیادہ میٹنگیں کی۔ ان دونوں نے تقریباً تمام۸۱؍ اسمبلی سیٹوں پر میٹنگیں کی اور عوام کو یہ بتانے میں کامیاب رہے کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت نے مل کر ہیمنت کو ہراساں کیا اور انہیں جھوٹے مقدمے میں جیل بھیج دیا۔
راہل گاندھی اور کھرگے نے مبارکباد دی
جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی بے مثال فتح کے بعد کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے ریاستی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ کانگریس صدر کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اس جیت کو ’جَل، جنگل، زمین‘ کی جیت قرار دیا ہے۔ کانگریس صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کئے گئے اپنی پوسٹ میں لکھا ’’جھارکھنڈ کے لوگوں نے اپنے حقوق جَل، جنگل، زمین کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر منتخب کیا۔ انھوں نے تقسیم اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ ‘‘