• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’روس یوکرین تنازع میں ہندوستان اہم اور انتہائی تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے‘‘

Updated: August 23, 2024, 12:26 PM IST | Agency | Warsaw

وزیراعظم نریندر مودی کے پولینڈ دورے پر ان کے پولش ہم منصب ڈونالڈ ٹسک نے ہندوستان کی پزیرائی کی،دونوں ہی سربراہان مملکت نے باہمی تعلقات کی مضبوطی پر اتفاق کیا۔

Prime Minister Modi interacting with the Prime Minister of Poland. Photo: INN
وزیراعظم مودی پولینڈ کےوزیراعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

پولینڈ دورے پروزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو میزبان ملک کے وزیراعظم ڈونالڈ ٹسک سے ملاقات کی۔ دونوں  ہی سربراہان نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ان دونوں  نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کو دہشت گردی سمیت عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ان میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زوردیا۔ میٹنگ کے بعد وزیراعظم مودی نے مہمان نوازی کیلئے وزیر اعظم ٹسک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات کو بڑھانے میں ٹسک کا اہم تعاون ہے۔ 
 قبل ازیں  وارسا میں  ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ’’ ۴۵؍ سال بعد کوئی ہندوستانی وزیر اعظم پولینڈ آیا ہے۔ میں پولینڈ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے۲۰۲۲ء میں یوکرین تنازع کے دوران ہندوستانی طلباء کو بچانے میں جو مدد کی ہے، اسے میں کبھی نہیں بھولوں گا۔ ‘‘ وزیر اعظم نے ہندوستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں سیاحت کے برانڈ ایمبیسیڈر بنیں اور اس کی ترقی کی کہانی کا حصہ بنیں۔ انہوں  نے کہا کہ ’’اس سال ہم (ہندپولینڈ)اپنے سفارتی تعلقات کی ۷۰؍ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پر ہم نے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ آج، ہم نے تعلقات کو ایک نئی سمت دینے کے لیے کئی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ دو جمہوری ممالک کی حیثیت سے ہماری پارلیمانوں کے درمیان تبادلہ خیال کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:امریکہ : کملا ہیرس کے کنونشن میں فلسطینی نمائندوں کوبولنے کا موقع نہیں دیا گیا

وزیراعظم نریندر مودی نےپولینڈ کے وزیراعظم ڈونالڈ ٹسک سے ملاقات کے بعد کہا، ’’جنوری ۲۰۲۵ء میں، پولینڈ یورپی یونین کی صدارت سنبھالے گا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی حمایت ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو بھی مضبوط کرے گی۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین اور مغربی ایشیا میں جاری تنازعات ہم سب کیلئے گہری تشویش کا باعث ہیں۔ ہندوستان کا پختہ یقین ہے کہ کسی بھی بحران کا حل میدان جنگ میں نہیں نکل سکتا۔ معصوم لوگوں کی جانوں کا ضیاع پوری انسانیت کیلئے سب سے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ہم جلد از جلد امن اور استحکام کی بحالی کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کیلئے ہندوستان اپنے دوست ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ 
 پولینڈکے وزیراعظم ٹسک نے کہا کہ وزیراعظم مودی کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندپولینڈکے تعلقات مزید بہتر ہو رہے ہیں ... یہ پورے خطے کیلئے اہم ہے۔ ہم اپنے جغرافیائی اختلافات، مختلف روایات اور تاریخ کے باوجود ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، لیکن تاریخ نے دونوں ممالک کو اصولوں، سرحدوں، علاقائی سالمیت، خودمختاری، ملک کے قانون کا احترام کرنا سکھایا ہے۔ 
 ٹسک نےمزید کہا، ’’پوری دنیا ہندوستان کی تعریف کرتی ہے کیونکہ ہندوستانی حکومت بہت جمہوری ہے۔ ایک بار پھر، میں آپ کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ یہ بہت اطمینان بخش ہے۔ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ملک میں حکومت عوام کے مینڈیٹ کی بنیاد پر منتخب ہوتی ہے۔ ‘‘بقول ٹسک’’ وزیر اعظم مودی نے اپنی خواہش کی تصدیق کی ہے کہ وہ پرامن، منصفانہ اور فوری جنگ کے خاتمے کے لئے تیار ہیں۔ ٹسک نے مودی سےکہا کہ’’ ہمیں یقین ہے کہ ہندوستان ایک اہم اور انتہائی تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ اگلے۱۰؍ گھنٹوں میں آپ یوکرین کا دورہ کریں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کا یوکرین کا دورہ تاریخی ہوگا۔ ‘‘
 خیال رہے کہ وزیراعظم مودی پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقات کریں گے اور بعد میں بزنس لیڈرز سے بھی ملیں گے۔ وہ دورے کے اگلے مرحلے میں جمعرات کی شام کو یوکرین کے لئے روانہ ہوں گے۔ 

نوانگر اور کولہاپور میموریل کا دورہ کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نےوارسا پہنچنے کے بعد یہاں نوا نگر میموریل اور کولہاپور میموریل کا دورہ کیا اور جام صاحب دگ وجے سنگھ جی رنجیت سنگھ جی جڈیجہ اور کولہاپور کے شاہی خاندان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے ایکس  پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’انسانیت اور ہمدردی ایک منصفانہ اور پرامن دنیا کی اہم بنیادیں ہیں۔ وارسا میں نوانگر میموریل جام  صاحب دگ وجے سنگھ جی رنجیت سنگھ جی جڈیجہ کے انسانی تعاون کو اجاگر کرتا ہے، جنہوں نے دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے بے گھرہونے والے پولش بچوں کو پناہ اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا۔ وزیر اعظم نے دیگر پوسٹ میں لکھا،’’وارسا میں کولہاپور میموریل پر خراج عقیدت پیش کیا۔

مودی بذریعہ ٹرین یوکرین جائینگے
وزیراعظم مودی پولینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعدجمعرات کی شام کو یوکرین کیلئے نکل جائیںگے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وہ یہ سفر طیارے کے بجائے ٹرین سے کریں گے۔ چونکہ یوکرین روس جنگ چل رہی ہے، اسلئے یوکرین میں سبھی ایئرپورٹس بند ہیں۔ وزیراعظم مودی کو اسپیشل لگژری ٹرین ’فورس ون‘ سے کیٖف پہنچنے میں۲۰؍ گھنٹے لگیں گے۔’فورس ون‘ لگژری اورورلڈکلاس سروسیز کیلئے جانی جاتی ہے۔ یوکرین میں مودی کا قیام محض ۷؍گھنٹے کا ہوگا۔ اس دوران وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔ خیال رہے کہ جنگ کے سبب یوکرین پہنچنے کیلئے بائیڈن، میکرون، شلزاوردیگر سربراہان مملکت ’فورس ون‘ میں سفر کرچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK