• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہند۔ پولینڈ میں اہم اقتصادی معاہدے

Updated: August 23, 2024, 1:31 PM IST | Agency | Warsaw

دونوں حکومتوں کے درمیان کئی اہم معاملات پر اتفاق، وزیراعظم مودی کی پولش کمپنیوں کو میگا فوڈ پارک میں شامل ہونے کی دعوت۔

Prime Minister Modi is currently on a visit to Poland. Photo: Agency
وزیراعظم مودی اس وقت پولینڈ کے دورے پر ہیں۔ تصویر: ایجنسی

وزیراعظم نریندرمودی کے پولینڈ دورے پرہندوستان اور پولینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کودفاعی شراکت داری کی حیثیت دینے اور اقتصادی تعاون کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور میزبان وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک کے درمیان یہاں اعلیٰ سطحی وفود کی دو طرفہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے شہری ترقی، تکنیکی اپ گریڈیشن اور ثقافتی مشغولیت کیلئے متعدد فیصلوں کا اعلان کیا۔ 
وزیراعظم مودی نے اس موقع پر کہا کہ اقتصادی تعاون کو وسیع کرنے کیلئے فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں پولینڈعالمی رہنما ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پولش کمپنیاں ہندوستان میں بنائے جانے والے میگا فوڈ پارک میں شامل ہوں۔ ہندوستان میں تیزی سے ہورہی شہر کاری سے پانی کی صفائی، ٹھوس فضلہ کے ا نتظام جیسے شعبوں میں ہمارے تعاون کیلئے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے توسیعی خطبہ سے شمیم طارق کا خطاب

انہوں نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچہ، صاف کوئلہ، ٹیکنالوجی، سبز ہائیڈروجن، قابل تجدید توانائی اور مصنوعی ذہانت بھی ہماری مشترکہ ترجیحات ہیں۔ ہم پولینڈ کی کمپنیوں کو میک ان انڈیا اور میک فار دی ورلڈ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔ ہندوستان نے فناٹک، فارما اور اسپیس جیسے شعبوں میں بہت سی حصولیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہمیں ان علاقوں میں پولینڈ کے ساتھ اپنے تجربہ شیئر کرنے میں خوشی ہوگی۔ ‘‘
 انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ہم دونوں ممالک عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانیت پر یقین رکھنے والوں کیلئے دہشت گردی ایک بڑا چیلنج ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ایک مشترکہ تشویش ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’پولینڈ میں انڈولوجی اور سنسکرت کی بہت پرانی اور بھرپور روایت ہے۔ ہمارے تعلقات کی مضبوط بنیاد ہندوستانی تہذیب اور زبانوں میں ہماری گہری دلچسپی کے ذریعے رکھی گئی ہے۔ کل ہمارے لوگوں کے درمیان گہرے رشتوں کی براہ راست اور زندہ مثالیں موجود تھیں۔ مجھے کولہاپور کے مہاراجہ کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ مجھے خوشی ہے کہ پولینڈ کے لوگ اب بھی ان کی انسان دوستی اور سخاوت کا احترام کرتے ہیں۔ ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنے کیلئے ہم ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان جام صاحب نوا نگر یوتھ ایکشن پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال پولینڈ سے۲۰؍ نوجوانوں کو ہندوستان کے دورے پر لے جایا جائے گا۔  اس موقع پر پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک نے کہا کہ یہ ہم دونوں ممالک کیلئے بہت اہم دن ہے۔ ہمارے لئےاعزاز کی بات ہے کہ ہم دونوں ممالک کے تعلقات کی ۷۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر ہندوستان کے وزیر اعظم کی میزبانی کررہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سفر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ آج ہم نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK