Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ہند نژاد طالبہ سدیکشا کوننکی گمشدگی معاملہ: آخری گواہ نے تیسری مرتبہ بیان بدلا، پولیس کی تفتیش جاری

Updated: March 11, 2025, 7:32 PM IST | Inquilab News Network | Washington

یونیورسٹی آف پٹسبرگ نے اس سلسلے میں ایک باضابطہ بیان جاری کرکے طالبہ کو تلاش کرنے اور اسے بحفاظت گھر لانے کی کوششوں میں اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

Sudeeksha Konanki. Photo: INN
سدیکشا کوننکی۔ تصویر: آئی این این

یونیورسٹی آف پٹسبرگ میں زیر تعلیم ہندوستانی نژاد طالبہ سدیکشا کوننکی، جو ۵ دن قبل، ڈومینیکن ریپبلک کے سفر کے دوران اچانک لاپتہ ہوگئی، کی گمشدگی کا معمہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھ گیا ہے۔ سدیکشا کو مبینہ طور پر آخری مرتبہ زندہ دیکھنے والے شخص نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ آئیووا سے تعلق رکھنے والے ۲۴ سالہ سیاح جوشوا اسٹیون ریب وہ آخری شخص ہے جس نے سدیکشا کے غائب ہونے سے پہلے اس کے ساتھ گفتگو کی تھی۔ مقامی رپورٹس کے مطابق، جوشوا نے طالبہ کے لاپتہ ہونے کے متعلق ۳ متضاد بیانات دیئے ہیں۔ 

ابتدائی طور پر، جوشوا نے پولیس کو بتایا کہ دوستوں کے ساتھ رات بھر پارٹی کرنے کے بعد، وہ اور سدیکشا ساحل سمندر پر گئے جہاں اسے سرف کرنے کی وجہ سے الٹیاں ہونے لگیں۔ وہ ساحل پر واپس آیا اور سدیکشا سے پوچھا کہ کیا وہ ٹھیک ہے؟ اپنے دوسرے بیان میں، جوشوا نے کہا کہ بیمار محسوس کرنے اور پیٹ درد کی وجہ سے وہ پانی سے نکل آیا تھا اور اس نے آخری بار سدیکشا کو گھٹنے کے نیچے سرف میں کھڑے ہوئے دیکھا تھا۔ تیسرے بیان میں، جوشوا نے دعویٰ کیا کہ اس نے سونے سے قبل سدیکشا کو ساحل کنارے چلتے ہوئے دیکھا تھا اور جب وہ جاگا تو وہ جاچکی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ناسا: سنیتا ولیمز نے خلاء میں ۹۰۰؍ گھنٹوں سے زیادہ تحقیق کی

پولیس کی تفتیش جاری

ڈومینیکن ریپبلک کے ایک مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق، ۲۰ سالہ طالبہ کو آخری بار ایک دوست نے صبح ۵:۵۰ بجے کے قریب ساحل سمندر پر دیکھا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے ریزورٹ کے ڈسکوتھیک میں تقریباً ۳ بجے پارٹی کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد وہ ساحل سمندر کی طرف جاتے ہوئے دیکھی گئی۔ وہ صبح ۶ بجے سے قبل تک وہی رہی پھر پراسرار طور پر غائب ہوگئی۔ حکام نے اس کی آخری معلوم موجودگی کی تفصیلات کے ساتھ ایک پوسٹر جاری کیا ہے۔ سدیکشا کو مبینہ طور پر آخری دفعہ بھورے رنگ کی بکنی، بڑی گول بالیاں، دائیں بازو پر پیلے اور اسٹیل کے کنگن، بائیں بازو پر کثیر رنگی موتیوں والا کڑا اور دائیں ٹانگ پر دھاتی پازیب پہنے دیکھا گیا تھا۔ پوسٹر میں گمشدہ طالبہ کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

پٹسبرگ یونیورسٹی کا بیان 

یونیورسٹی آف پٹسبرگ نے اس سلسلے میں ایک باضابطہ بیان جاری کرکے کہا کہ یونیورسٹی کے اہلکار، سدیکشا کونانکی کے خاندان اور ورجینیا کی لاؤڈون کاؤنٹی کے حکام کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ ہم نے اسے تلاش کرنے اور بحفاظت گھر لانے کی کوششوں میں اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ:غزہ جنگ کے بعد مسلمان اور عرب مخالف واقعات میں اضافہ

سدیکشا کوننکی کون ہے؟

سدیکشا کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق، وہ ورجینیا کی یونیورسٹی آف پٹسبرگ کی طالبہ ہے جس کا گریجویشن کورس ۲۰۲۶ء میں مکمل ہوگا۔ اس نے الیگزینڈریا، ورجینیا میں تھامس جیفرسن ہائی اسکول برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ ایک انٹرویو میں، اس کے والد نے اسے ڈاکٹر بننے کے خواب بننے والی ایک متحرک نوجوان خاتون کے طور پر بیان کیا۔ ان کے مطابق، سدیکشا نے اپنے دوستوں کو بتایا تھا کہ وہ بدھ کو ریزورٹ میں ایک پارٹی میں شریک تھی۔ اگلی صبح وہ دوستوں اور کچھ جاننے والوں کے ساتھ ساحل سمندر پر چلی گئی۔ اس کے دوست بعد میں واپس آگئے لیکن سدیکشا نہیں آئی جس کے بعد انہوں نے حکام کو آگاہ کیا اور فی الحال اس کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK