از بکستان میں سمرقند میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ سے لوک سبھا اسپیکراوم برلا کا خطاب ،نئے ہندوستان کو مواقع کی سرزمین قرار دیا۔
EPAPER
Updated: April 09, 2025, 11:25 AM IST | Tashkent/Samarkand
از بکستان میں سمرقند میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ سے لوک سبھا اسپیکراوم برلا کا خطاب ،نئے ہندوستان کو مواقع کی سرزمین قرار دیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبہ کو ’ہندوستانی اقدار اور ثقافت کے سفیر‘ قرار دیا اور کہا کہ گھر سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود وہ ملک کی روایات سے مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں اور میزبان ممالک میں ان کو فعال طور پر فروغ دے رہے ہیں ۔ اوم برلا نے جو ازبکستان کے ۴؍ روزہ دورے پر ہیں، سمرقند میڈیکل یونیورسٹی میں ہندوستانی طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اوم برلا فی الحال بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے ۱۵۰؍ ویں اجلاس میں ہندوستانی پارلیمانی وفد (آئی پی ڈی) کی قیادت کر رہے ہیں ۔ ان کےساتھ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر بھی گئے ہیں۔
نئے ہندوستان کو مواقع کی سرزمین بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستان میں ہر شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت جیسے قومی اقدامات نے ملک بھر میں صحت عامہ کے شعبے میں وسیع مواقع فراہم کئے ہیں۔ آیوشمان بھارت نیٹ ورک میں سرکاری اسپتالوں کے ساتھ نجی اسپتالوں کی شمولیت کے ساتھ یہ اسکیم غیر ملکی تعلیم یافتہ (ایف ایم جی) ڈاکٹروں کو قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور ملک میں صحت عامہ کے نظام میں اپنا تعاون دینے کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں طبی تحقیق اور تعلیم کے میدان میں تیز رفتار ترقی کی وجہ سے طلبہ کیلئےتعلیمی اور تحقیقی اداروں میں کام کرنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دبئی کے ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان بن محمد کی ہندوستان آمد
لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ حکومت ہند دنیا کے ہر کونے میں رہنے والے ہندوستانیوں کا یکساں خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم ہندوستانی طلبہ کی مدد کے لئے تیار ہے۔ اوم برلا کے مطابق `ایم اے ڈی اے ڈی پورٹل جیسے اقدامات اور بیرون ملک ہندوستانی سفارت خانوں کی فعال مصرو فیت کے ذریعے حکومت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہندوستانی طلبہ کو ان کی تعلیم، حفاظت اور کریئر کے امکانات میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا ہندوستانی ڈاکٹروں کی عالمی پہچان ہے اور آپ کو اس روایت کو آگے بڑھانا چاہئے۔‘‘
اوم برلا نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ بہترین ڈاکٹر پیدا کئے ہیں اور ہندوستانی طلبہ اپنے علم اور ہنر سے دنیا بھر میں صحت کی خدمات کو مضبوط بنائیں گے۔ طلبہ کا عالمی تجربہ ان کے طبی کریئر میں زیادہ کامیابی کی راہ ہموار کرے گا۔