• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل کا بیروت کے سرکاری اسپتال پر حملہ،۱۳؍ افراد شہید اور۵۷؍ زخمی، الضاحیہ پر بھی شدید بمباری

Updated: October 23, 2024, 12:40 PM IST | Agency | Beirut

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری اسپتال کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک بچے سمیت۱۳؍ افراد شہید اور۵۷؍ زخمی ہوگئے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری اسپتال کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک بچے سمیت۱۳؍ افراد شہید اور۵۷؍ زخمی ہوگئے۔ اے ایف پی کے مطابق بیروت کے مرکز سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع لبنان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال حریری کے قریب اسرائیلی حملے میں کم از کم۱۳؍ افراد ہلاک اور۵۷؍ زخمی ہوگئے۔ لبنان کی وزارت صحت نے گزشتہ رات جنوبی بیروت کے ایک اسپتال کے قریب اسرائیلی حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ ابتدائی طور پر فضائی حملے میں ۴؍ افراد شہید ہوئے تھے جن کی تعداد بڑھ کر اب۱۳؍ ہوگئی ہے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ 
 اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی رات دیر گئے بیروت میں رفیق حریری یونیورسٹی اسپتال کے قریب ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ یہاں پر ہتھیار ذخیرہ کیے گئے تھے جبکہ تنظیم کے کمانڈ سینٹرز اور ایک بنکر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس میں لاکھوں ڈالر نقد اور بڑی مقدار میں سونا موجود تھا۔ 
 واضح رہے کہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملے کے بعد اسرائیل نے گزشتہ روز جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ نیتن یاہو کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈرون حملے کے وقت اسرائیلی وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ گھر میں موجود نہیں تھے جب کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حزب اللہ کے ڈرون حملے کے جواب میں اسرائیل نے بیروت کے جنوب میں کئی مقامات پر شدید حملے کئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:امریکہ: صدارتی انتخاب میں امریکی عربوں کیلئے فلسطین اولین ترجیح: سروے

الضاحیہ پرایک درجن سے زیادہ فضائی حملے
 اسرائیلی فوج نے بیروت کے نواحی علاقے الضاحیہ پرایک درجن سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔ بمباری سے قبل اسرائیلی فوج نے ان مقامات پر موجود تمام عمارتوں کوفوری طور پر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ کم از کم ۱۳؍ حملوں میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں مختلف محلوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی علاقے الضاحیہ میں پہلی بار الاوزاعی کے مقام پر اسرائیلی طیاروں سے حملہ کیا۔ لبنانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے آغاز کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ سمندر کے کنارے اس محلے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں حارہ حریک، الحدث اور مضافات میں دیگر محلوں کو نشانہ بنایا۔ 
بحیرہ روم میں ۵؍ ڈرونز کو اسرائیل میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا: اسرائیلی فوج
 لبنان پر مسلسل اسرائیلی حملوں کی روشنی میں تل ابیب میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ یہ آواز لبنان سے داغے گئے دو میزائلوں کے ساحلی شہر کے ساحل پر پھٹنے کی تھی۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تل ابیب کے وسیع تر علاقے کی جانب میزائل داغے جانے کا بتایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک اور بیان میں یہ بھی کہا کہ ایک میزائل لبنان کی سرزمین سے داغے جانے کا پتہ چلا اور وہ ملک کے وسط میں ایک کھلے علاقے میں جا گرا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے بحیرہ روم میں پانچ ڈرونز کو اسرائیل میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا۔ اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی نے بین گوریون ایئرپورٹ پر مختصر مدت کے لیے رکنے کے بعد فضائی ٹریفک بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک جگہ پر ایک مشکوک چیز دیکھی گئی تھی جس کی بنا پر ایئرپورٹ کو مختصر وقت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔ العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے ایئرپورٹ کو ٹیک آف کیلئے بند کرنے کی ہدایت کی کیونکہ فضائیہ بحیرہ روم میں اسرائیل کی طرف بڑھنے والے پانچ ڈرونز کا پیچھا کر رہی تھی۔ ۲۳؍ ستمبر کو جب سے اسرائیل نے لبنان میں اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے لبنان میں کم از کم۱۴۵۴؍ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ۱۰؍ لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ 

 بلنکن اسرائیل پہنچے، ایک سال میں ۱۱؍ویں مرتبہ مشرق وسطیٰ کا دورہ 
امریکہ کے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن منگل کو اسرائیلی وزیراعظم اور صدر سے ملاقات کیلئے اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ ان کےمشرق وسطیٰ کے وسیع دورے کا یہ پہلا قیام ہے جس کا مقصد ایک دشوار اور بظاہر ناممکن جنگ بندی کیلئے  مزید زور لگانا ہے۔۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد سے اعلیٰ امریکی سفارت کار کا اس خطے کا یہ ۱۱؍واں دورہ ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی  حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے۔بلنکن ایک ہفتے کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن  یاہو،صدر اسحاق ہرزوگ، وزیردفاع یووا گیلنٹ اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے اور اس میں اردن اور قطر کا سفر بھی شامل ہے۔ غزہ جنگ اور اسکے نتیجے میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تنازع ختم کرنے میں سفارتی کوششیں ناکام رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK