Updated: October 12, 2024, 10:00 PM IST
| Jerusalem
اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین نے کہا ہے کہ ’’جنوبی لبنان میں بیروت کے قریب خیموں میں پناہ لئے ہوئے فلسطینیوں نے اسرائیل کے حملوں کے خوف سے نقل مکانی کی ہے۔‘‘ یو این آر ڈبلیو اے کے چیف فلپ لازارینی نے کہا کہ ’’غزہ میں جو ہوا لبنان میں وہی دہرایا جا رہا ہے۔‘‘
غزہ کی طرح لبنان میں بھی بے گھر ہونے کا بحران بڑھ رہا ہے۔ تصویر: ایکس
اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین نے کہا ہے کہ ’’جنوبی لبنان میں بیروت کے قریب خیموں میں پناہ لئے ہوئے فلسطینیوں نے اسرائیل کے حملوں کے خوف سے نقل مکانی کی ہے۔ ‘‘جمعہ کو یو این آر ڈبلیو اے کے چیف فلپ لازارینی نے کہاتھا کہ ’’ایجنسی نے باقی ماندہ افراد کو غذا کی فراہمی جاری رکھی ہےاور متعدد مرتبہ نقل مکانی کرنا فلسطینیوں کیلئے کافی مشکل ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ حالات مشکل ہیں لیکن آپ غزہ کے حالات سے موازنہ کریں گے توآپ نے مجھے بارہا یہ کہتے ہوئے سناہوگا کہ لوگوں کو گیندوں کی طرح ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہاہے۔ خوف یہ ہے کہ غزہ میں جو ہوا تھا لبنان میں وہی دہرایا جارہا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایم ایس دھونی کا نیا ہیئر کٹ انٹرنیٹ پر وائرل
اسرائیل نے گزشتہ تین ہفتوں سے جنوبی لبنان اور بیروت پر مسلسل حملے جاری رکھے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے جنوبی لبنان اور بیروت میں ۱۰۰؍ قصبوں میں انخلاء کا حکم جاری کیا ہے۔ان میں انخلاء کا حکم ، بیروت کے جنوبی مضافات میں برج البراجنہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ اور جنوبی ساحلی شہر طائر کے قریب رشیدیہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر حملہ بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کی صورتحال ۸۰؍ سال پہلے کے جاپان جیسی ہے: نیہان ہیدانکیو کے شریک بانی
۱۹۴۸ء میں اسرائیل کے قیام کے بعد یہاں منتقل ہونے والے فلسطینی اور ان کی اولادیں لبنان میں ۱۲؍ پناہ گزین کیمپ میں پناہ لئے ہوئی تھیں۔ ان خیموں میں ایک لاکھ ۷۴؍ ہزار فلسطینی رہائش اختیار کئے ہوئے تھے۔ لبنانی حکام کے مطابق صہیونی مظالم کے نتیجے میں لبنان میں ایک ملین سے زائد شہری بے گھر جبکہ ۲؍ ہزار ۱۰۰؍ ہلاک ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ سے تنازع میں اضافہ ہونے کے بعد لبنان میں اپنے حملے مسلسل جاری رکھے ہیں۔ لبنان ، ایران اور غزہ میں اسرائیلی جنگ میں اضافہ کے بعد مشرقی وسطیٰ میں جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔