Updated: April 05, 2024, 3:13 PM IST
| Jerusalem
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتین یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل حکومت شمالی غزہ سے متصل اشدود اور ایرز کی سرحدوں کے ذریعے وہاں عارضی طور پر انسانی امداد کی رسائی کی اجازت دے گی۔ حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام غزہ میں انسانی بحران کو روکنے میں معاون ثابت ہوگا۔
غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم۔ تصویر: ایکس
اسرائیل کےو زیر اعظم بنجامن نتین یاہو کے دفتر نے بتایا ہے کہ وہ شمالی غزہ سے متصل اسرائیل کی سرحد کے ذریعے غزہ میں عارضی طور پر انسانی امداد کی رسائی کی اجازت دیں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی وارننگ کے کچھ گھنٹے بعد حکومت بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اشدوداور ایرزچیک پوائنٹس کے ذریعے غزہ میں عارضی طور پر غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کی اجازت دے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی رسائی میں اضافہ انسانی بحران کو روکنے میں معاون ثابت ہو گا اور یہ جنگ کو جاری رکھنے کیلئے اور اپنے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل حکومت کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کے ۷؍ امدادی کارکنان اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے تھے اور اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کی ایک عمارت پر اسرائیلی حملہ جنگی جرائم میں شمار: حقوق انسانی گروپ
اس ضمن میں وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو نتین یاہو کے ساتھ ۳۰؍ منٹ پر مبنی بات چیت کے دوران صدر جوبائیڈن نے یہ واضح کیا ہے کہ ’’غزہ کے حوالے سے امریکی پالیسی کا تعین شہریوں کو پہنچنے والے نقصان، انسانی مصائب اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کیلئے مخصوص، ٹھوس اور قابل پیمائش اقدامات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
تاہم، اسرائیلی حکومت نے اپنے بیان میں یہ کہا ہے کہ شمالی غزہ سے ۴۰؍ کلومیٹر کی دوری پر اشدود کے ساحل اورانتظامیہ ایرزکریم شالوم کےذریعے اردن کے ذریعے انسانی امداد کی رسائی میں اضافہ کی بھی اجازت دے گی۔
یہ بھی پڑھئے: یوم القدس: اہلِ غزہ کیلئے دُعائوں کی اپیل
واضح رہے کہ اسرائیل حماس جنگ کے نتیجے میں اب تک ۳۳؍ہزار فلسطینی جاں بحق جبکہ ۷۰؍ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔ اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد کی رسائی روک دی تھی جس کی وجہ سے وہاں انسانی بحران میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم، عالمی برادری نے اسرائیل کے غزہ میں انسانی امداد کو روکنے کی سخت مذمت کی ہے۔