ترک صدر نے کہا کہ غزہ میں ظلم کے خاتمے یا اسرائیل کے قتل عام کو روکنے کیلئے عالمی اداروں اور تنظیموں نے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا۔
EPAPER
Updated: September 23, 2024, 8:04 PM IST | Inquilab News Network | Ankara
ترک صدر نے کہا کہ غزہ میں ظلم کے خاتمے یا اسرائیل کے قتل عام کو روکنے کیلئے عالمی اداروں اور تنظیموں نے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ لبنان پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی وجہ سے خطہ میں جنگ پھیل سکتی ہے۔ اردگان نے اتوار کو نیویارک میں ترک امریکی نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے خلاف تازہ حملے اور اسرائیل کے حالیہ بیانات، خطہ میں جنگ پھیلانے کی اسرائیلی کوششوں کا واضح ثبوت ہیں۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ فلسطینی سرزمین بالخصوص غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی سے تمام خطہ کے امن کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں اور تنظیموں نے غزہ میں ظلم کے خاتمہ یا اسرائیل کے ذریعے تاحال جاری فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سری لنکا: بائیں بازو کے پہلے صدر کی حیثیت سےانورا کمار دسانائیکے کی حلف برداری
اردگان نے زور دیا کہ غزہ میں ۳۵۲ دنوں سے جاری قتل عام سے واضح کردیا ہے کہ موجودہ عالمی نظام کی ساکھ اور تاثیر کم ہوتی جا رہی ہے اور امن اور سلامتی کو یقینی بنانے والے ادارے، اخلاقی زوال کا شکار ہوچکے ہیں۔اردگان نے مزید کہا کہ ترکی، اسرائیل کی "قبضہ، جارحیت اور قتل عام" پر مبنی پالیسی کو جلد از جلد روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم اپنے قبلہ اول، مسجد اقصیٰ کی حرمت اور تاریخی حیثیت پر کسی حملے کے خلاف خاموش نہیں رہے ہیں اور نہ ہی خاموش رہیں گے۔ واضح رہے کہ اردگان سنیچر کو امریکہ پہنچے جہاں وہ منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ۷۹ ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔