• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل کے الزامات بے بنیاد، نیتن یاہو کے بیان پرشدید ردعمل

Updated: September 05, 2024, 1:03 PM IST | Tal Aviv

مصر نے جواباً اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیلی رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلہ کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالنا چاہتا ہے اور مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے مصر کا نام استعمال کررہا ہے۔

Israeli Prime Minister Netanyahu. Photo: INN.
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے پیر کو دعویٰ کیا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کو مصری سرحد کے ذریعے ہتھیار اسمگل کئے جا رہے ہیں۔ اس الزام پر اردن، قطر، فلسطین اور کویت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور نیتن یاہو کے بیان کی سخت مذمت کی۔ دو دن قبل نیتن یاہو نے فلاڈیلفی کاریڈور سے اسرائیلی فوجیوں کو ہٹانے سے ایک بار پھر منع کردیا۔ واضح رہے کہ فلاڈیلفی کاریڈور غزہ اور مصر کی سرحد پر ایک غیر فوجی علاقہ ہے۔ نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ یہ راہداری حماس کے لیے دوبارہ مسلح ہونے کیلئے بطور "لائف لائن" کام کررہی ہے۔ اس کے ردعمل میں اردنی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ان بے بنیاد الزامات کے ذریعے غزہ میں مستقل جنگ بندی کیلئے مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں لگاتار تیسر ے دن احتجاج، نیتن یاہو کیخلاف سخت برہمی

اردن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کو جواز فراہم کرنے کی ناکام کوششوں کے درمیان اسرائیلی حکام نے ان دعوؤں کو فروغ دیا۔ اردن نے تمام اسرائیلی دعوؤں کا مقابلہ کرنے میں مصر کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ قطری وزارت خارجہ نے بھی مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نیتن یاہو کے الزام کو مسترد کیا۔ قطر نے کہا کہ نیتن یاہو، اسرائیل میں رائے عامہ کو بدلنے اور غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلہ کیلئے مشترکہ ثالثی کی کوششوں کو روکنے کیلئے مصر کا نام استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر قطر نے اسرائیل کو غزہ پر وحشیانہ جارحیت کو فوری طور پر بند کرنے اور غزہ میں تباہ کن انسانی بحران کا مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ فلسطینی صدر نے نیتن یاہو کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی کی مخالفت کرنے میں مصر کے کردار کی ستائش کی۔ فلسطینی صدر نے خطہ میں سلامتی اور استحکام کیلئے مصر کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے غزہ جنگ بندی معاہدہ کیلئے کوشش کرنے اور فلسطینی عوام پر جاری اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کو ختم کرنے کیلئے مصر، قطر اور اردن کی کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ نیتن یاہو کے تبصرے پر کویت نے مصر سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں، کویتی وزارت خارجہ نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ اسرائیل، مصر، قطر اور امریکہ کی مشترکہ ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ قاہرہ نے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیلی رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلہ کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے مصر کو گھسیٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK