• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اٹلی: میلان کی ’وایا مونٹے نپولین اسٹریٹ‘ شاپنگ کیلئے دنیا کی مہنگی ترین سڑک

Updated: November 22, 2024, 2:02 PM IST | Milan

عالمی رئیل اسٹیٹ فرم’ کشمین اینڈ ویک فیلڈ ‘ کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نیویارک میں واقع ’ ففتھ اوینو‘ مہنگی ترین شاپنگ اسٹریٹ کے خطاب سے محروم ہو گئی ہے، پہلی مرتبہ یہ اعزازکسی یوروپی ملک کے شہر کو حاصل ہوا ہے۔ویک فیلڈ نے دنیا کی دس مہنگی ترین شاپنگ اسٹریٹ کی فہرست پیش کی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

ایک عالمی رئیل اسٹیٹ فرم’ کشمین اینڈ ویک فیلڈ‘ کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نیویارک شہر کی ’ففتھ اوینو‘سے مہنگی ترین شاپنگ اسٹریٹ کا خطاب چھن گیا ہے، اب یہ خطاب اٹلی کے شہر میلان کی ’وایا مونٹے نپولین ‘کو حاصل ہو گیا ہے۔پراپرٹی کنسلٹنسی کی اس رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی یوروپی ملک کے شہر کو یہ شرف حاصل ہوا ہے۔یہ رپورٹ ٹوکیو سے پیرس اور زورک تک ۱۳۸؍ عالمی لکژری شاپنگ ضلعوں کے مطالعے کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ریٹیل انویسٹمنٹ کے سربراہ اینڈریاس سیبرٹ نے ایک بیان میں کہاکہ ’’ بازار کو درپیش مسائل اور مشکل حالات اور ای کامرس کی ترقی کے باوجود بہترین جگہوں کی مانگ برقرار ہے۔ امسال کے اوائل میں گوچی اور سینٹ لارینٹ کے مالک کیرنگ نے ۱۴۰؍ ملین ڈالر خرچ کرکے وایا مونٹے نپولین کی بڑی عمارتوں میں سے ایک کو بلیک اسٹون سے حاصل کیا۔حتی کہ آن لائن تجارت میں اضافہ بھی ہوا ہے اس کے باوجود لکژری کمپنیاں اسٹور فرنٹ پراربوں ڈالر کی بازی لگا رہی ہیں۔ کشمین کے ذریعے مختلف اعداد و شمار اور معیارکا مطالعہ کرنے کے بعد دنیا کی مہنگی ترین شاپنگ اسٹریٹ کی جو فہرست تیار کی گئی ہے وہ اس طرح ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ڈونالڈ ٹرمپ کے کمپنی خریدنے کی خبروں کا اثر، بٹ کوائن بلند ترین سطح پر

اٹلی کے شہر میلان کی وایا مونٹے نپولین پر فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ ۱۹۵۹؍ ڈالر ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۱؍ فیصد زیادہ ہے۔اس سڑک کے اتنا قیمتی ہونے وجوہات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ بہت چھوٹی ہے، اور بہت محدود  جگہ ہی دستیاب ہے۔ جبکہ شمالی امریکہ کے نیویارک شہر کی’ ففتھ اوینو‘ اس فہرست میں دوسرے مقام پر ہے۔جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ ۱۹۱۳؍ ڈالر ہے۔ لندن کی نیو بانڈ سٹریٹ اس سال کی فہرست میں ایک مقام بڑھ کر نمبر ۳؍پر پہنچ گئی ہے - جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۳؍فیصد اضافہ ہوا۔جس کےفی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ ۱۶۸۵؍ ڈالر ہے۔ اس کےبعد ہانگ کانگ کی سم شاسوئی ہے جو ایک درجہ کم ہو کر چوتھے مقام پر پہنچ گئی ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۱۵۳۷؍ڈالر ہے۔اس فہرست کی پانچویں سڑک پیرس کی اوینو ڈیس چیمپس لیسیس ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۱۰؍ فیصد بڑھ کر ۱۲۲۶؍ ڈالر ہو گیا ہے۔اس کے بعد ٹوکیو کی گلنزاڈسٹرکٹ ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۱۱۳۴؍ ڈالر ہے۔ریورک کے بانہوفٹراس کا فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۹۳۹؍ ڈالر ہے جو اسے ساتویں مقام پر قائم رکھے ہوئے ہے۔اسی کے ساتھ آٹھویں مقام پر سڈنی کی پٹ اسٹریٹ مال ڈسٹرکٹ ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۷۶۷؍ ڈالر ہے ۔مہنگی ترین شاپنگ اسٹریٹ کی فہرست میں نواں مقام سیول کی میونگڈانگ کا ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ۶۵۸؍ ڈالر ہے۔اور کشمین اینڈ ویک فیلڈ کے مطابق ویانا کی کوہل مارکیٹ نے اپنا گزشتہ سال کا مقام بر قرار رکھا ہے جس کے فی مربع فٹ کا سالانہ کرایہ ۵۲۹؍ ڈالر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK