• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی ٹی سی ہوٹل، آئی ٹی سی لمیٹڈ سے الگ ہوجائیگا، جنوری ۲۰۲۵ء میں علاحدگی ہوگی

Updated: December 18, 2024, 11:20 AM IST | Agency | New Delhi

این سی ایل ٹی کی کولکاتا بینچ نے اکتوبرمیں آئی ٹی سی لمیٹڈ، آئی ٹی سی ہوٹل لمیٹڈ اور ان کے حصص یافتگان کے درمیان اس معاہدے کو منظوری دی تھی۔

After the demerger, ITC will have 40 percent stake in the hotel business. Picture: INN
علاحدگی کے بعد ہوٹل کے کاروبار میں آئی ٹی سی کی ۴۰؍فیصد حصہ داری رہے گی۔ تصویر: آئی این این

سگریٹ سے لےکر صابن تک بنانے والی ایف ایم سی جی کمپنی آئی ٹی سی لمیٹڈسے اس کے ہوٹل بزنس کی علاحدگی کا حتمی فیصلہ کرلیاگیا ہے۔ اس کا اطلاق یکم جنوری ۲۰۲۵ء سے ہوگا۔ کمپنی نے یہ معلومات منگل کو اپنی ایکسچینج فائلنگ میں دی ہے۔ نیشنل کمپنی لاء ٹربیونل(این سی ایل ٹی) کی کولکاتا بینچ نے اکتوبر۲۰۲۴ء میں آئی ٹی سی لمیٹڈ، آئی ٹی سی ہوٹل لمیٹڈ اور ان کے شیئر ہولڈرس کے درمیان اس معاہدے کو منظوری دی تھی۔ اس سال جون میں، آئی ٹی سی لمیٹڈ کے حصہ داروں نے ڈیمرجر (علاحدگی) کے فیصلے کے حق میں ووٹنگ کی تھی۔ ۹۹ء۶؍فیصدشیئر ہولڈروں نے ڈیمرجر کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ صرف۰ء۴؍ فیصد نے اس کے خلاف ووٹ دیا تھا۔ 
ہوٹل میں آئی ٹی سی ۴۰؍فیصد حصص رکھے گا
 علاحدگی کے بعد آئی ٹی سی لمیٹڈ اپنے ہوٹل کے کاروبار میں ۴۰؍فیصد حصص رکھے گا۔ باقی ۶۰؍فیصدحصص حصص یافتگان کے پاس ہوں گے۔ آئی ٹی سی نے گزشتہ سال جولائی میں ڈیمرجر پلان کا اعلان کیا تھا اور بعد میں کہا تھا کہ نئی یونٹ کو۱۵؍ مہینوں میں لسٹ کیاجائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی بینکنگ کا نقدی خسارہ ۶؍ ماہ کی بلند ترین سطح پر

آئی ٹی سی ہوٹلز، ایک آزاد یونٹ کے طور پر، ٹاٹاکی ملکیت والی انڈین ہوٹلز کمپنی اور ای آئی ایچ ایسوسی ایٹڈ ہوٹلز جیسے حریفوں سے مقابلہ کرے گا۔ انڈین ہوٹلز تاج ہوٹل چلاتے ہیں جبکہ ای آئی ایچ اوبیرائے برانڈ کے ہوٹلوں کا انتظام کرتا ہے۔ 
آئی ٹی سی ۱۹۱۰ء میں قائم کیاگیا تھا 
  آئی ٹی سی پیپر، پیکیجنگ، ایگری بزنس، ہوٹلز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں موجودگی کے ساتھ ایک معروف کثیر کاروباری ہندوستانی انٹرپرائز ہے۔ سنجیو پوری اس کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ یہ کمپنی ۱۹۱۰ء میں قائم ہوئی تھی تب اس کمپنی کا نام امپیریل ٹوبیکو کمپنی تھا۔ ۱۹۷۰ء میں اس کا نام بدل کر انڈیا ٹوبیکو کمپنی رکھ دیا گیا۔ بعد ازاں ۱۹۷۴ء میں اس کا نام آئی ٹی سی لمیٹڈ کردیاگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK