اس حادثہ میں ۳۷ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ۱۲ کی حالت نازک ہے۔
EPAPER
Updated: December 20, 2024, 7:03 PM IST | Inquilab News Network | Jaipur
اس حادثہ میں ۳۷ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ۱۲ کی حالت نازک ہے۔
راجستھان میں جمعہ کی صبح، جے پور-اجمیر ہائی وے پر دہلی پبلک اسکول کے سامنے کیمیکل لے جانے والے ٹینکر کا ایک ٹرک سے تصادم ہوگیا جس کے بعد جائے حادثہ پر آگ لگ گئی۔ ذرائع کے مطابق، اس حادثہ میں ۸ افراد ہلاک ہوگئے اور ۳۷ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زخمیوں میں ۱۲ افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ بقیہ مہلوکین کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی، راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما ایس ایم ایس اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔
یہ بھی پڑھئے: ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالا کی ۸۹؍ سال کی عمر میں موت
پولیس کے مطابق، جمعہ کی صبح تقریباً ۶:۴۵ بجے گاڑی میں دھماکے کے بعد ٹینکر میں موجود کیمیکل پھیلنے کے بعد آگ لگ گئی۔ اس موقع پر ہائی وے پر قریب میں موجود ۲۰ سے زائد گاڑیوں اور پائپ فیکٹری میں بھی آگ پھیل گئی۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے اور آگ لگنے کے حادثہ کے بعد ہائی وے کو بند کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ۳۰ سے زائد ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ جائے حادثہ پر گیس پھیلنے کے باعث امدادی کارکنان کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جھارکھنڈ میں ایک اور مسلم ہجومی تشدد کی بھینٹ
بھنکروٹا کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر منیش گپتا نے بتایا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہو پایا کہ حادثہ کیسے ہوا کیونکہ صبح روشنی کم تھی۔ ابھی تک پولیس نے عینی شاہدین سے پوچھ تاچھ نہیں کی ہے۔ زخمیوں کو ایس ایم ایس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات جلد واضح ہو جائیں گی۔