Updated: January 23, 2025, 9:01 PM IST
| Rajouri
جموں کشمیر کے راجوری ضلع کے بڈھال گاؤں میں گذشتہ دو مہینوں میں ۱۷؍اموات کے سنسنی خیز واقعات کا سبب ’’ٹاکسن‘‘(جراثیمی زہر)ہو سکتے ہیں کیونکہ تمام لیبارٹری کی رپورٹ اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ یہ اموات بیکٹیریل، وائرل، پروٹوزون یا زونوٹک بیماری کی وجہ سے نہیں ہوئیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ رانا۔ تصویر: آئی این این
جموں کشمیر کے راجوری ضلع کے بڈھال گاؤں میں گذشتہ دو مہینوں میں ۱۷؍اموات کے سنسنی خیز واقعات کا سبب زہریلے مادے ہو سکتے ہیں کیونکہ تمام لیبارٹری کی رپورٹ اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ یہ اموات بیکٹیریل، وائرل، پروٹوزون یا زونوٹک بیماری کی وجہ سے نہیں ہوئیں۔ جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سی ایس آئی آر (CSIR) کے تحت لکھنؤ میں ایک ٹاکسیکولوجی لیباریٹری کے ذریعہ کئے گئے ابتدائی جانچ میں کسی انفیکشن، وائرس یا بیکٹیریا کی عدم موجودگی کا اشارہ ملتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدائی نتائج ایک زہریلے مادے(ٹاکسن) کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہیں جس کا فی الحال مزید تجزیہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چھتیس گڑھ: جنگلاتی زمین کا حوالہ دےکرمحض مسلمانوں کے۶۰؍ گھر زمین دوز کردئے گئے
جتیندر سنگھ نے کہا کہ ٹاکسن سے متعلق چرچا شروع ہو گئی ہے لیکن پہلا ٹیسٹ لکھنؤ میں ایک ٹاکسیکولوجی لیباریٹری نے کیا تھا۔ اس میں کوئی انفیکشن، کوئی وائرس، کوئی بیکٹیریا نہیں پایا گیا، صرف ایک ٹاکسن پایا گیا۔ اب ٹاکسن کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ زہریلے مادوں کی ایک لمبی لسٹ ہے جن کا تجربہ کیا جا رہا ہے کہ آخر کس خاص زہریلے مادے کی وجہ سے یہ اموات ہوئیں اور اگر کوئی شرارت یا کوئی اور واردات ہوئی تو ہمیں اس کے بارے میں پتہ چل جائے گا۔ واضح رہے کہ تقریباً۳۸۰۰؍ رہائشیوں پر مشتمل گاؤں میں ۷؍ دسمبر سے اب تک۱۳؍ بچوں اور ایک حاملہ خاتون سمیت کم از کم۱۷؍ افراد پراسرار حالات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان سب نے بخار، درد، متلی، شدید پسینہ آنا اور اسپتالوں میں داخل ہونے کے دنوں میں مرنے سے پہلے ہوش کھونے کی شکایت کی۔