Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

جموں کشمیر: پولیس نے یوم القدس کے موقع پر فلسطین حامی مظاہرین پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا

Updated: March 29, 2025, 10:13 PM IST | Inquilab News Network | Jammu

پولیس کے کریک ڈاؤن کے باوجود، کشمیر کے سری نگر، بڈگام اور بارہمولہ اضلاع کے کچھ حصوں میں فلسطینیوں اور اسرائیل مخالف مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ مظاہروں میں "اسرائیل مردہ باد" اور "ظالمو، کافرو، بیت المقدس چھوڑ دو" جیسے نعرے لگائے گئے۔

A scene from a demonstration in support of Palestine in Kashmir. Photo: INN
کشمیر میں فلسطین کی حمایت میں نکالے گئے مظاہرے کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

جموں کشمیر میں ہزاروں افراد فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یوم القدس منانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ تاہم، جموں وکشمیر پولیس نے حزب اللہ حامی نعرے لگانے اور پرچم لہرانے کا حوالہ دیتے ہوئے بعض مقامات پر منتظمین اور شرکاء کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمات درج کئے۔

جمعہ کو کشمیر اور لداخ کے کئی حصوں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں مردوں، عورتوں اور بچوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "آزاد فلسطین" اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ لداخ کے علاقہ کارگل میں بھی بڑے پیمانے پر مظاہرین نے فلسطینی کاز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مصروف بازاروں میں مارچ کیا۔ کشمیر کے بڈگام اور بارہمولہ اضلاع میں بھی اسی قسم کے مظاہرے دیکھنے ملے جہاں مظاہرین نے حزب اللہ کے جھنڈے لہراتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے لگائے اور لبنانی عالم دین اور حزب اللہ کے کمانڈر حسن نصر اللہ اور حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی تصاویر والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ یہ مظاہرے رمضان کے آخری جمعہ کو منائے جانے والے یوم القدس کی سالانہ تقریبات کا حصہ تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ : یوم القدس پر فلسطینیوں کی حمایت میں انسانی زنجیر بنائی گئی

پولیس نے بارہمولہ کے پٹن علاقے میں فلسطین حامی مظاہرے کے بعد نامعلوم مظاہرین کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے تصدیق کی کہ پٹن پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ (ایف آئی آر نمبر ۴۹/۲۰۲۵) درج کیا گیا تھا لیکن اس نے انسداد دہشت گردی کے قانون کی صحیح دفعات کی وضاحت نہیں کی۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ ضلع کے چنبل میں کچھ مظاہرین کو حزب اللہ کے جھنڈے لہراتے ہوئے اور عوامی امن کو بھڑکانے والے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ کارروائیاں دہشت گردی سے وابستہ عناصر کو تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی کوشش کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔" مزید برآں، بڈگام ضلع کے بیرواہ میں پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ ۱۲۶(۲) (غلط پابندی) اور ۱۸۹ (۶) (غیر قانونی اسمبلی) کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق، "منتظمین نے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی اور سونپاہ-بیرواہ روڈ کو بلاک کر دیا جس سے عام لوگوں کی آسانی سے نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔" مقدمہ (ایف آئی آر نمبر ۳۳/۲۰۲۵) بیرواہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی اور پٹنہ کے بعد آج آندھرا میں وقف بل کیخلاف مسلم تنظیموں کا احتجاج

پولیس کے کریک ڈاؤن کے باوجود، کشمیر کے سری نگر، بڈگام اور بارہمولہ اضلاع کے کچھ حصوں میں فلسطینیوں اور اسرائیل مخالف مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ مظاہروں میں "اسرائیل مردہ باد" اور "ظالمو، کافرو، بیت المقدس چھوڑ دو" جیسے نعرے لگائے گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK