• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جاپان اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقیں، شمالی کوریا کا میزائل تجربہ

Updated: July 02, 2024, 1:05 PM IST | Agency | Seoul

پیونگ یانگ نے ۲؍ بیلسٹک میزائل داغے، ایک فضا میں ہی پھٹ گیا، فوجی مشقوں پر سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

A missile was tested from an unknown location in North Korea. Photo: Agency
شمالی کوریا کے کسی نا معلوم مقام سے میزائل تجربہ کیاگیا۔ تصویر : ایجنسی

امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے بعد شمالی کوریا نے۲؍ بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا لیکن ایک میزائل فضا میں ہی پھٹ کر تباہ ہوگیا۔ خبررساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ پیونگ یانگ کی جانب سے ہماری مشترکہ فوجی مشقوں پر سنگین نتائج کی دھمکی دینے کے اگلے ہی روز شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مارکرنے والے۲؍ بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا۔ 
 جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے کہا کہ شمالی کوریا نے دونوں میزائل۱۰؍ منٹ کے فرق سے داغے، پہلا میزائل۵؍ بجکر۵؍ منٹ پر داغا گیا جس نے ۶۰۰؍کلو میٹر تک پرواز کی لیکن دوسرا میزائل۱۲۰؍کلو میٹر کا سفر ہی طے کرسکا۔ جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے ترجمان نے پریس میٹنگ کے دوران بتایا کہ شمالی کوریا کی جانب سے لانچ کیے گئے دوسرے میزائل کے ابتدائی مرحلے میں ہی خرابی نوٹ کی گئی اور اگر میزائل فضا میں ہی تباہ ہوا ہے تو یقینی طور پر یہ شمالی کوریا کے اندرونی علاقوں میں گرا ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اشوکا یونیورسٹی کی تقریب میں آزادی ٔ فلسطین کی حمایت

ترجمان سے جب سوال کیا گیا کہ آیا شمالی کوریا کے ان تجربات کا مقصد یہ میزائل روس کو فراہم کرنا ہے، تو انہوں نے اس پر جواب دینے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں اور میزائل پروگراموں کی وجہ سے برسوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سخت پابندیوں کا شکار ہے جب کہ روس یوکرین پر حملے پر امریکہ اور اس کے مغربی شراکت داروں کی طرف سے پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ 
 شمالی کوریا پر الزام ہے کہ وہ یوکرین جنگ میں روس کو ہتھیار فراہم کررہا ہے، اس سلسلے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے گزشتہ ماہ۲۴؍ سال بعد شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے کم جونگ ان سے ملاقات کرکے اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK